عمران خان کی نااہلی یقینی،صوبوں کو مقروض کردیا، عابد شیر علی
لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان کی نااہلی دیوار پر لکھی ہوئی نظر آرہی ہے،صوبے مقروض بنا کر وہ اسمبلیوں سے نکلے ہیں،پہلے احتساب ہوگا پھر انتخاب ہو گا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیرعلی نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں کی چوروں سے جان چھوٹ گئی ہے، پنجاب کے وسائل کو عمران نیازی کی ذاتی تشہیر کے لئے استعمال کیا گیا، جس سے صوبہ مالی طور پر مقروض ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے احتساب ہو گا پھر انتخاب ہو گا۔عابد شیر علی نے مزید کہا کہ لوگ نواز شریف سے پیار کرتے ہیں اور مریم نواز نواز شریف کا بیانیہ اور ان کی تصویر ہیں،یہ دیوار پر لکھا ہوا نظر آرہا ہے کہ عمران خان کونااہلی سے کوئی نہیں بچا سکتا، اس کی چوری اور ڈاکے اتنے سنگین ہیں کہ اس نے ہر چیز میں مس ڈیکلیریشن دی ہوئی ہے، اس نے اب قانونی طور پر آؤٹ ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی طور پر نہ تو پہلے گھبرائے ہیں نہ ہی اب گھبرا رہے ہیں، ہم نے کوئی گن پوائنٹ پر صوبہ نہیں لیا بلکہ انہوں نے خود ہی اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے۔
عابد شیر علی