مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان، ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا: خواجہ آصف

مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان، ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا: خواجہ آصف

  

       سیالکوٹ (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ہمیشہ سے یہ ترجیح رہی ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں،ہمیں معلوم ہے عوام مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں،اس مہنگائی کی ذمہ دار عمران خان کی سابق حکومت ہے جس نے ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، ہم ملکی معیشت کے استحکام کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور پرعزم ہیں کہ ہماری محنت ضرور کامیاب ہو گی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) دوبارہ سے ملک کو ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ کی یونین کونسل احمد پورہ کے دورے کے دوران علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خواجہ محمد آصف عوام میں گھل مل گئے اور انکے مسائل سن کر موقع پر ہی انکے حل کے لیے متعلقہ محکموں کے حکام کو احکامات جاری کیے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ قوم کی بیٹی مریم نواز شریف اپنے علاج کے بعد وطن واپس تشریف لا رہی ہیں عوام انکا پرجوش استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی آمد سے ہماری جماعت مستحکم ہو گی اور ہم پنجاب میں انتخابات کے لیے اپنی مہم شروع کریں گے۔یونین کونسل  احمد پورہ آمد پر سابق چیئرمین حاجی شیخ عبدالقدیر اور وائس چیئرمین چوہدری نصیر احمد نے اپنے ساتھیوں سمیت خواجہ محمد آصف کا پرتپاک استقبال کیا۔  اس موقع پر سابق وزیر جیل خانہ جات آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد اسحاق، چوہدری سکندر بجران، شہباز بھٹی، زبیر امین حاجی نسیم بٹ سمیت یونین کونسل احمد پورہ کے  سابق چیئرمین حاجی شیخ عبدالقدیر، وائس چیئرمین چوہدری نصیر احمد، خواجہ سلطان ٹیپو، رانا وحید، محفوظ قریشی، ملک تاج دین، نصیر سعید مغل اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

خواجہ آصف

مزید :

صفحہ آخر -