نگران وزیراعلٰی محسن نقوی نے حلف اٹھا لیا، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ مستر دکر دیا، عدالت جانے، احتجاج کا اعلان 

      نگران وزیراعلٰی محسن نقوی نے حلف اٹھا لیا، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن ...

  

 اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں محسن رضا نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کردیا۔پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کیلئے چیف الیکشن کمشنر سکندر  سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر چاروں ارکان شریک ہوئے۔اجلاس میں محسن نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ تقرری کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا۔الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔حکومت کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے تجویز کیے گئے تھے جبکہ اپوزیشن نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کے نام دیے تھے۔دریں اثنا الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ان کی حلف برداری کے لیے گورنر پنجاب کو خط لکھ دیا۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں ہوئی، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ان سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں سرکاری حکام اور نگران وزیر اعلیٰ کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔تقریب میں آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار، سابق سی سی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، سابق گورنر پنجاب چودھری سرور، سنیئر صحافی سلمان غنی کے علاوہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے محسن نقوی کو نگراں وزیر اعلیٰ مقرر کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔  سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے محسن نقوی کے نام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاملے پر سپریم کورٹ جارہے ہیں، یہ متنازعہ شخص ہے اس کو وزیرا علیٰ نہیں مانتے، ایسا شخص غیر جانبدارہ نہیں رہ سکتا۔پاکستان تحریک انصاف نے بھی محسن نقوی کی پنجاب کے نگراں وزیراعلی تقرری کو مسترد کردیا۔مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ محسن نقوی جیسے متنازعہ شخص کو وزیراعلی مقرر کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں،الیکشن کمیشن نے مایوس  کیا،اس نظام کے خلاف سڑکوں پر جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں،فواد چوہدری نے کہا کہ کارکنان تیاری کریں عمران خان کی قیادت میں بڑی مہم چلائیں گے۔ تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ محسن نقوی کو نگراں وزیراعلی لگانے سے بہتر تھا الیکشن کمیشن براہ راست آصف زرداری یا شہباز شریف کو ہی وزیراعلی کا چارج بھی دے دیتا۔ محسن نقوی رجیم چینج آپریشن کا اہم کردار جس کے گھر پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کے فیصلے ہوئے، ہم اس نامزدگی  کومسترد کرتے ہیں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے محسن نقوی کی بطور نگرانی وزیراعلی تعیناتی پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حسن نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ تعیناتی آئین کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اس کے خلاف قانونی چیلنج بھی کرے گی اور عوامی احتجاج بھی کرے گی۔۔محسن نقوی کی تقرری پر مرکزی سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف فرح حبیب نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلی تعیناتی سے انتخابات کی شفافیت ختم ہوگئی ہے،  رجیم چینج سازش کے مخالفین کیخلاف انتقامی کاروائیوں کو مزید آگے بڑھانے کا ٹاسک اس شخص کو دیا گیا ہے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے محسن رضا نقوی کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری کو مستر د کرتے ہوئے تحریک انصاف کی لیگل ٹیم کو اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ کے عہدے پر صرف غیر جانبدار شخصیت کی تقرری ہو سکتی ہے، محسن نقوی متنازعہ شخصیت ہیں۔

محسن نقوی

مزید :

صفحہ اول -