عمران نیازی احتساب کے نام پر نواز شریف کو ہٹانے کے گرینڈ ڈیزائن کا حصہ رہے: شہباز شریف
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی احتساب کے نام پرنواز شریف کو ہٹانے اور مسلم لیگ ن کو نشانہ بنانے کے گرینڈ ڈیزائن کا حصہ رہے ہیں۔ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان 2013 سے ملک میں انتشار اور افراتفری کے ایجنٹ رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہرزہ سرائی نے سیاست کو بدنام کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے معاشرے کو تقسیم اور ریاستی اداروں کو کمزور کیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف سے پنجاب کے چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عامر ذوالفقار نے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے چیف سکرٹری اور آئی جی پنجاب نے گزشتہ روزملاقات کی اور یہ ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی۔ملاقات میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول رکھا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پنجاب میں خودساختہ مہنگائی بڑھانے والوں کیخلاف کاروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ آٹا مہنگا بیچنے والوں کوپکڑاجائے اور مہنگائی کنٹرول نہ کرنے والیافسران کیخلاف کارروائی کی جائے۔وزیراعظم نے افسران سے مکالمہ کیا کہ محکمہ صحت کا بھی کوئی پرسان حال نہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی سازش قرار دیدیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سویڈن میں دائیں بازو کے انتہاپسند کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کے لبادے کو دنیا بھر میں بسنے والے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ سویڈن میں دائیں بازو کے انتہا پسند کی جانب سے کیا گیا شرمناک فعل ناقابل قبول ہے۔
شہباز شریف