قرآن مجید کی بے حرمتی،اسلام دشمنی کا تسلسل ہے،صوفی ارشدکاظمی

      قرآن مجید کی بے حرمتی،اسلام دشمنی کا تسلسل ہے،صوفی ارشدکاظمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)سوئیڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی عالمی استعمار کی اسلام دشمنی کا تسلسل ہے، قرآن مجید کی عظمت کو تسلیم نہ کرنے والے دنیا سے خود مٹ جائیں گے۔ یہ بات سوئیڈن میں توہین قرآن مجید کے خلاف تحریک اہلسنّت پاکستان سندھ کی جانب سے منائے گئے یوم احتجاج کے موقع پرتحریک اہلسنّت سندھ کے صدر پیر طریقت صوفی سید ارشدعلی کاظمی القادری نے احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے  کہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استعمار کے گماشتے اسلام اور مسلمانوں سے دشمنی میں اندھے ہو گئے ہیں اور باربارتوہین رسالت وتوہین قرآن اور اسلامی شعائرکا مذاق اڑاکر مسلمانوں کی دل آزاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید وہ بلند رتبہ کتاب ہے جو انسانوں کی ہدایت کے لئے نازل ہوئی ہے مگر گمراہی کے اندھیروں میں بھٹکنے والے آج ایمان والوں کے دلوں سے اس کتاب کی عظمت کو کم کرنا چاہتے ہیں، لیکن ان کے تمام حربے ناکام ہوں گے اور قرآن مجید کو مٹانے کی سازش کرنے والے دنیا سے خود نیست و نابود ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اہل اسلام نے ہمیشہ قرآن دشمنی کے خلاف بھرپور احتجاج کر کے دنیا کو بتا یا ہے کہ کفر کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود اہل ایمان کا قرآن اور صاحب قرآن سے رشتہ ہر گز کمزور نہیں پڑ سکتا۔انہوں نے سوئیڈن میں توہین قرآن کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف قرار داد مذمت منظور کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان سوئیڈن کی اسلام دشمنی پر غیرت ایمانی کا ثبوت دیتے ہوئے اس سے تمام تعلقات منقطع کر لے۔