قرآن پاک کی بے حرمتی دنیا بھر کے مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اقدام ہے: مفتی اعظم سعودی عرب
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے مفتی اعظم الشیخ عبدالعزیز الشیخ کا کہنا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی دنیا بھر کے مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اقدام ہے.
سعودی عرب کے مفتی اعظم اور ممتاز علماء بورڈ کے سربراہ الشیخ عبدالعزیز الشیخ نے سویڈن میں انتہائی دائیں بازو کے مظاہرین کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کی ہے. انہوں نے اسے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس اقدام سے انتہا پسندی اور فتنہ انگیزی کی آگ بھڑکے گی.
مفتی اعظم نے کہا کہ’ ایک انتہا پسند نے سویڈن کے شہر سٹاک ہوم میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے دنیا بھر کے مسلمانوں کو دکھی کردیا ہے. انہوں نےعالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس قسم کی حرکتوں کی کسی بھی نام یا عنوان سے مدد کرنے والوں کے خلاف ٹھوس اور فیصلہ کن موقف اختیار کرے.