کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( او جی ڈی سی ایل) نے خام تیل کے ذخائر کی پیداوار میں اضافے کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے خام تیل کی پیداوار میں اضافے سے متعلق تفصیلات پاکستان سٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ کوفراہم کردی ہیں۔ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ خط کے مطابق حیدآباد میں واقع کنر آئل فیلڈ 12سے خام تیل کی یومیہ پیداوار 1060 بیرل سے بڑھا کر 1820 بیرل ہوگئی ہے۔
کنر آئل فیلڈ 12 میں جیٹ پمپ کی جگہ الیکٹریکل پمپ سے خام تیل کی پیداوار کو 760 یومیہ بیرل بڑھایا گیا ہے۔ خط کے مطابق کنر آئل فیلد 6 سے خام تیل کی پیداوار کو دوبارہ آرٹیفیشل لفٹ سسٹم کے ذریعے بحال کردیا گیا ہے۔ خط میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کنر آئل فیلڈ 6 میں خام تیل کنوئیں کو پانی کی ذیادہ مقدار کی وجہ سے بند کردیا تھا۔ کنر آئل فیلڈ 6سے خام تیل کی پیداوار دوبارہ بحالی سے 400بیرل یومیہ ہوگئی ہے۔ حیدرآباد میں واقع دونوں آئل فیلڈز سے خام تیل کی پیداوار میں یومیہ 1160 بیرل کا اضافہ ہوا ہے۔