پنجاب حکومت کا ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی حکومت نے اپنے انقلابی منصوبے اپنی چھت اپنا گھر کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گھروں کی توسیع کے بلاسود قرضوں کے اجرا ء کی منظوری دیدی۔ جوائنٹ فیملی میں رہنے والے گھر کی توسیع کے بھی اپنی چھت،اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت بلا سود قرض لے سکیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے جون 2026 تک ایک لاکھ 60 ہزار گھر بنا نے کا ہدف مقررکر دیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنی زمین، اپنا گھر کے 1534 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی بھی منظوری دے دی۔ پہلے مرحلے میں جہلم میں 194، قصور129، فیصل آباد میں 84 اور لودھراں 59 پلاٹ بذریعہ قرعہ اندازی دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اپنی زمین، اپنا گھر کے پلاٹوں کی جلد از جلد قرعہ اندازی کے لئے اقدامات کی ہدایت کی اور اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے فنڈز بڑھانے کے لئے اقدامات کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں اپنی چھت، اپنا گھر اور اپنی زمین،اپناگھر پراجیکٹس کیلئے قرضوں کے اجراء اور اور دیگر امور کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ اور ڈی جی پھاٹا نے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپناگھر کے رجسٹرڈ یوزر کی تعداد1880081، جبکہ درخواست گزار کی تعداد1066559 ہے۔ اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت پنجاب بھر میں 67197 گھر آباد ہوچکے ہیں۔پنجاب بھر میں اپنی چھت،اپنا گھر کے تحت 53843 مکان زیر تعمیر ہیں۔ اپنی چھت، اپنا گھر کے تحت 164 ارب 66کروڑ روپے کے ریکارڈ قرضے جاری کیے گئے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اپنی چھت،ا پنا گھر کے تحت ریکوری کی شرح99 فیصد ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنی چھت،اپنا گھر کے تحت دوسری قسط بھی جلد از جلد ادا کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنی چھت،اپنا گھر کے صارفین کے انتقال کی صورت میں پالیسی مرتب کرنے کا حکم بھی دیا۔
