منوڑہ میں ہاکی اور فٹ بال کی سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان

منوڑہ میں ہاکی اور فٹ بال کی سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان

  

کراچی (یو این پی) نگراں وزیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے پاکستان میرینز کی درخواست پر منوڑہ کا دورہ کیا اور وہاں کھلاڑیوں کو سہولتوں کی فراہمی، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور ٹیلنٹ کے اظہار کیلئے ہاکی اور فٹ بال کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر کمانڈر میرینز منوڑہ کموڈور شاہد احمد نے جزیرے پر قائم مختلف گراؤنڈز کے حوالے سے انہیں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ منوڑہ میں فٹ بال اور ہاکی گراؤنڈز موجود ہیں لیکن وہاں کھلاڑیوں کو مناسب سہولیات میسر نہ ہونے سے ٹیلنٹ دکھانے کا موقع نہیں ملتا۔ اس موقع پرڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ ملک کے بہتر مستقبل کیلئے ہمیں اپنے نوجوانوں پر توجہ دینا ہوگی خصوصاًکھیلوں کے میدان میں انہیں آگے لانا چاہئے تاکہ وہ اپنی محنت اور کوششوں سے عالمی سطح پر ملک وقوم کا نام روشن کر سکیں اور یہ سب اس وقت ممکن ہوگا جب انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ منوڑہ بھی اسی شہر کا حصہ ہے یہاں پر بھی ٹیلنٹ موجودہے۔ ہم نے سندھ بھر میں کئی جگہوں پر بڑے اچھے گراؤنڈز تیار کئے اورچاہتے ہیں کہ یہاں پر بھی کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوجائے۔ ڈاکٹر جنید علی شاہ کے مطابق نگران حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی کہ نئی گورنمنٹ مجوزہ منصوبوں کو ترجیحی بنیادیوں پر پایہ تکمیل تک پہنچائے۔انہوں نے ڈاکٹر نیاز علی عباسی اور چیف انجینئر محمد اسلم مہر کو ہدایت کی کہ وہ منوڑہ میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے اخراجات کا تخمینہ لگائیں تاکہ عملی اقدامات کا آغاز کیا جا سکے۔ اس موقع پر کوآرڈی نیٹر عمران زیدی، پی آر او حامد علی خان اور دیگر افسران موجود تھے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -