ملک کو کسی قیمت پر ’’اناڑی ‘‘ کے ہاتھ میں نہیں دیا جا سکتا ،25جولائی کو ہر طرف شیر دھاڑے گا:حمزہ شہباز

ملک کو کسی قیمت پر ’’اناڑی ‘‘ کے ہاتھ میں نہیں دیا جا سکتا ،25جولائی کو ہر ...
ملک کو کسی قیمت پر ’’اناڑی ‘‘ کے ہاتھ میں نہیں دیا جا سکتا ،25جولائی کو ہر طرف شیر دھاڑے گا:حمزہ شہباز

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 25جولائی کو عوام تاریخی اور درست فیصلہ کرتے ہوئے اُس قیادت کو دوبارہ اپنے مینڈیٹ سے نوازیں گے جس نے ملکی کو مسائل کے گرداب سے نکالا اور اسے ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کیا،حمزہ شہباز نے کہا کہ کسی بھی قیمت پر ملک اُس اناڑی اور کھلاڑی کے ہاتھوں میں نہیں دیا جا سکتا جو ایک صوبے کو بھی کنٹرول کرنے میں ناکام رہا اور جہاں اُس نے کرپشن اور نا اہلی کے ریکارڈ قائم کیے۔

اسلا م آباد میں خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ 2013کے مقابلے میں آج کا پاکستان کہیں ترقی یافتہ اور محفوظ ہے جہاں لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل میں بند ہو چکا ہے،توانائی کے نئے منصوبے آب و تاب کے ساتھ پیداوار دے رہے ہیں،اقتصادی راہداری کی شکل میں خوشحالی کا نیا باب رقم ہونے جا رہا ہے اور ملک میں دہشتگردی کے عفریت پر نمایاں حد تک قابو پایا جا چکا ہے.انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو حقائق پر نگاہ ڈالنی چاہیے،پاکستان کے عوام اپنے ووٹ کے ذریعے 25جولائی کو اس امر کی گواہی دیں گے کہ اُن کے حقیقی قائد میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف ہیں جنہوں نے وفاق اور پنجاب میں محنت اور دیانت کو شعار بناتے ہوئے دن رات عوا م کی خدمت کی ہے،حمزہ شہباز نے کہا کہ بھانت بھانت کی بولیاں بولنے والے اور عوام سے جھوٹے وعدے کرنے والے کسی طور کامیاب نہیں ہوں گے،عمران نیازی کی طرح آصف زرداری بھی مسترد ہو چکے ہیں،عوام پیپلز پارٹی کا کرپشن زدہ چہرہ دوبارہ نہیں دیکھنا چاہتے جنہوں نے حج سمیت کسی بھی شعبے کو لوٹنے سے گریز نہیں کیا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ انتخابی مہم حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے لیکن عوام کے دلوں کی دھڑکن میاں نواز شریف اپنی صاحبزادی کے ہمراہ اس جرم کی سزا بھگت رہے ہیں کہ انہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کے بعد مزید مضبوط بنانے کیلئے بڑے بڑے منصوبے کیوں شروع کیے.

انہوں نے کہا کہ ایسی کاروائیوں سے عوام اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کریں گے اور 25جولائی کو ہر طرف شیر دھاڑے گا اب وفاق اور پنجاب ہی نہیں کے پی کے بھی مسلم لیگ ن حکومت بنائے گی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کسی بھی قدم سے گریز نہیں کرے گی،انہوں نے پارٹی ورکرز سے اپیل کی کہ پولنگ ڈے تک چین سے نہ بیٹھیں اور زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو گھروں سے نکالنے کیلئے کسی پور ی تن دہی کا مظاہرہ کریں تاکہ شیر کی کامیابی یقینی ہو سکے۔

مزید :

الیکشن -قومی اسمبلی -علاقائی -اسلام آباد -