این اے 125،انتخابی مہم کا آخری روز امیداواروں کی لمپین زور شور سے جاری دفاتر میں رونقیں

این اے 125،انتخابی مہم کا آخری روز امیداواروں کی لمپین زور شور سے جاری دفاتر ...

  

صوبائی دارالحکومت کے حلقہ این اے 125،پی پی 149اور150میں انتخابی مہم پورے زور و شور سے جاری ہے ۔تمام سیاسی جماعتوں کے کیمپوں میں رت جگے اور کھابے جاری پورے حلقہ پارٹی پرچموں اور بینرز سے سجا نظر آرہا ہے ۔سب سے زیادہ پرچم اور بینر پاکستان تحریک انصاف کے نظر آرہے ہیں ۔تمام جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے بڑے بڑے دعوے جیت کر حلقہ کی قسمت بدلنے کی باتیں۔پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنماء اور قومی اسمبلی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں صوبائی اسمبلی کے امیدوار زبیر نیازی اورچوہدری اصغر گجر ڈور ٹو ڈور کمپین میں مصروف ہیں ۔عوام ان کا پرتپاک استقبال کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھار کررہے ہیں۔ان امیدواروں کا کہنا ہے کہ 25جولائی 2018ء کو ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اب عوام ملک سے پیار کرنے والوں کو منتخب کرکے نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ڈاکٹر یاسمین راشد انتخابی جلسوں اور دفاتر کے افتتاح میں مصروف ہیں اب جبکہ انتخابی مہم کے اختتام میں انتہائی کم وقت رہ گیا ہے ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے حلقہ کے صوبائی امیدواروں کے ہمراہ موٹر سائیکل ریلی کی قیادت کی اور مختلف مقامات پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ چوروں اور لٹیروں سے نجات حاصل کرنے کے لئے عوام کو بدھ کے روز جوق در جوق گھروں سے باہر نکل کر اپنے ووٹ کاسٹ کرنا ہوں گے۔اپنے ووٹ کی طاقت سے ملک دشمنوں کا احتساب کرنا وقت کی آواز ہے ۔ڈاکٹر یاسمین راشد،زبیر نیازی اور چوہدری اصغر گجر یہ وعدہ دہراتے نظر آرہے ہیں کہ ان کی جماعت عام انتخابات میں کامیاب ہوکر حلقہ سمیت ملک کے کونے کونے میں ترقیاتی کاموں کا جال پھیلا دے گی۔ہم یقینی طور پر عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہمارے مخالفین نے اپنے دور حکومت میں صرف کرپشن کو فروغ دیا اب ان کی حقیقت سب کے سامنے آچکی ہے ان کو شکست سے کوئی نہیں بچا سکتا۔پاکستان تحریک انصاف نے شاہ عالمی چوک میں بھی ایک ریلی نکالی جس کی قیادت بھی ڈاکٹر یاسمین راشد،امیر بالاج ٹیپو،زبیر خان نیازی اور ملک وقار احمد گجر نے کی دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی سب سے بڑی حریف جماعت مسلم لیگ (ن)کے امیدوار قومی اور صوبائی اسمبلی وحید عالم خان ،بلال یاسین اور مرغوب احمدبھی اپنی انتخابی مہم زور و شور سے چلانے میں مصروف ہیں۔مگر ان کے کیمپوں میں روائتی جوش و خروش نہیں دھائی دے رہا۔ ان کے امیدواروں کا کہنا ہے کہ ہمارے دور حکومت میں ملک بھر میں بے مثال ترقیاتی کام ہوئے ہیں 25جولائی کو عوام ثابت کردیں کہ وہ ووٹ کو عزت دے کر حقیقی نمائندوں کو منتخب کریں گے۔اس حلقہ میں جگہ جگہ دونوں پارٹیوں کے ترانے گونجتے سنائی دے رہے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے کیمپوں میں ’’چوری جد پھڑی گئی‘‘،’’بنے گا نیا پاکستان‘‘اور ’’خان دا بلا چلدا اے‘‘سنائی دے رہے ہیں جبکہ مسلم لیگ(ن) کے کیمپوں میں ان کا شہرہ آفاق پارٹی ترانہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘گونج رہا ہے۔گزشتہ روز بھی امیدواران مختلف علاقوں میں اپنی اپنی انتخابی مہم چلانے میں مصروف رہے ۔دونوں پارٹیاں آج انتخابی مہم کے اختتام تک زور و شور سے اپنا کام جاری رکھنے کا اعلان کرچکی ہیں۔اس حلقہ میں پاکستان تحریک انصاف کا پلڑا بھاری دکاھئی دیتا ہے۔پیپلز پارٹی کے امیدوار قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی حافظ زبیر کاردار،منشاء پرنس اور نادر خان بھی اپنی انتخابی مہم جوش و جذبہ سے چلا رہے ہیں حلقہ میں تمام جماعتوں کے امیدوار آج اختتامی روز بھی جگہ جگہ ریلیاں نکالنے کا اعلان کرچکے ہیں۔فتح کس کا مقدر ٹھہرے کی گی یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -