نوانکوٹ ، 6ماہ کے دولہا کو بد قماش دوست نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا ، ملزم فرار
لاہور (خبر نگار) نواں کوٹ کے علاقہ میں 6 ماہ کے دولہا کو اس کے دوست نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ بتایا گیا ہے کہ ساہیوال کا رہائشی حمزہ عرف شانی ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے ،اس کی سعدی پارک مزنگ کے رہائشی کامران کے ساتھ دوستی تھی۔ گزشتہ رات حمزہ علی عرف شانی کامران کو بہانے سے اپنے ساتھ لے گیا اور راوی روڈ کے علاقہ میں ایک گاڑی میں سوارشہری سے نقدی اور موبائل چھینا،اس دوران نوجوان کامران کو فائر لگ گیا۔ حمزہ عرف شانی کامران کو زخمی حالت میں نواں کوٹ کے علاقہ میں اپنے ایک اور دوست کے گھر چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ گھر والوں نے اطلاع ملنے پر کامران کو ہسپتال پہنچایا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ مقتول کے والد محمد شفیق کے مطابق اس کے بیٹے کو حمزہ عرف شانی نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔ مقتول کے بڑے بھائیوں عثمان اور حیدر نے بتایا کہ کامران کی 6ماہ قبل شادی ہوئی تھی اوروہ ڈاکو نہیں تھا بلکہ حمزہ عرف شانی دھوکہ سے اسے ساتھ لے گیاتھا۔ تفتیشی افسر اقبال نے بتایا کہ حمزہ عرف شانی ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث و مطلوب ہے اور ڈکیتی کی واردات کے دوران ہی کامران زخمی ہوا ہے۔ پولیس نے کامران کی لاش قبضہ میں لے کر مردہ خانہ میں جمع کروا دی ہے۔