پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت کا پورٹس ماؤ تھ لندن کا دورہ
اسلام آباد (آن لائن) اینٹی سب میرین وارفئر ہیلی کاپٹر Z9EC سمیت پی این اصلت بحیرہ روم اور یورپی ممالک میں بیرونِ ملک تعیناتی کے سلسلے میں تیسری بندرگاہ پورٹس ماؤتھ کے ہر میجسٹی نیول بیس، یونائیٹڈ کنگڈم پہنچ گیا ۔ اس تعیناتی کا مقصد بحری سفارتکاری کے ذریعے بحیرہ روم اور یورپی ممالک میں دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا اورحکومتِ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مقاصد کو اجاگر کرنا ہے۔ قبل ازیں، پاک بحریہ کے جہاز نے عقابہ اور الجیریا کی بندرگاہوں کا دورہ کیا ۔بندرگاہ آمد پرپاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت کا کمانڈر نیول بیس پورٹس ماؤتھ ، پاکستان کے ہائی کمشنر اور ڈیفنس اور نیول ایڈوائزر نے پرتپاک استقبال کیا۔ رائل میریننر بینڈ نے جہاز کو سریلی دھنیں بجا کر خوش آمدید کہا۔جہاز کووسیع الیکٹرانک اور پرنٹ کوریج دی گئی۔پی این ایس اصلت کی پورٹس ماؤتھ پورٹ کال کے موقع پر،پاک بحریہ کے مشن کمانڈر اور ان کے ہمراہ پی این ایس اصلت کے کمانڈنگ آفیسر نے یو- کے میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر ، پاکستان میں تعینات یو- کے کے ہائی کمشنر، پورٹس ماؤتھ کے لارڈ میئر، اسسٹنٹ چیف آف سٹاف (شپس)کمانڈ ہیڈکواٹرز اور کمانڈر نیول بیس سے ملاقاتیں کیں۔ مزید برآں، پاک بحریہ کے افسروں، سی پی اوز اور سیلرزنے بشمول HMS Victory کے مختلف رائل نیوی کے ٹریننگ کے اداروں کا دورہ کیا۔ HMS Victory رائل بحریہ کے فرسٹ سی لارڈ کا فلیگ شپ ہے۔پاک بحریہ کے جہاز کی یونائیٹڈ کنگڈم میں موجوددگی کے دوران میزبان ملک کے ساتھ بالعموم اور رائل بحریہ کے ساتھ بالخصوص پیشہ ورانہ اور سماجی ملاقاتوں کا انعقاد کیا گیا۔پاک بحریہ اور رائل بحریہ میں قیامِ پاکستان سے دیرینہ تعلقات ہیں۔ پچھلے کئی سالوں سے رائل بحریہ کی مہیا کی گئی تربیتی سہولیات اور ٹیکنیکل مشوروں نے دونوں بحری افواج کے مابین قریبی تعلقات کی تقویت کو ایک ٹھوس بنیاد دی ہے۔ دونوں ممالک کے مابین نہ صرف ٹریننگ ، ٹیکنیکل کوپریشن اور اعلیٰ درجے کے دوروں میں قریبی تعاون جاری ہے بلکہ مضبوط سیاسی، سفارتی، معاشی اور بحری تعلقات بھی قائم ہیں۔