آزمائشوں سے گھبرانے والے نہیں: دانیال

آزمائشوں سے گھبرانے والے نہیں: دانیال

  

راولپنڈی(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ ’’ن‘‘ کے نامزد امیدوار این اے 62بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ’’ن‘‘ لیگ کے متوالے سیاسی و جمہوری جدوجہد میں آنے والی آزمائشوں سے گھبرانے والے نہیں، شریف برداران کی سیاست کا محور پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے جبکہ ملک دشمن قوتیں ’’ن‘‘ لیگ کو اقتدار سے دور رکھنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، راولپنڈی کے عوام باشعور ہو چکے ، مخالفین اپنے وجود کی بقاء کیلئے جمہوری سسٹم کو تباہ کرنے کے درپے ہیں ،25جولائی 2018ء جمہوریت پسندوں کی فتح کا دن ہے ۔جھوٹ اور مکر و فریب کی سیاست کرنے والوں کو عوام اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔ان خیالا ت کا اظہارانہوں نے اپنی انتخابی رابطہ مہم کے دوران پیرودھائی،ڈھوک حسو، محلہ راجہ سلطان اور ڈھوک رتہ میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان روزگار کی عدم دستیابی کی وجہ سے بے چین اور مضطرب ہیں ،’ کامیابی کے بعد ہماری حکومت اپنی سابقہ ورایات کے مطابق نوجوانوں کیلئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرے گی۔ ’ن‘‘ لیگ کے سابقہ ادوار میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا جو شریف برادران کا ایک بڑا کارنامہ ہے ۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ عوام کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ اپنا ووٹ دیتے وقت اپنے لئے ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں تو ملک و ملت کا درد رکھتے ہوں ۔انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے لئے یہ بات باعث مسرت ہے کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود عوام جن میں خواتین ،نوجوان اور بزرگ شہری شامل ہیں،ہمارے شانہ بشانہ چل رہے ہیں، ہمارے کارکنان ’’ن‘‘ لیگ کا پیغام گھر گھر ، گلی گلی پہنچا رہے ہیں انشااللہ ’’ن‘‘ لیگ 25 جولائی 2018ء کوبھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

دانیال

مزید :

علاقائی -