شہباز شریف اظہار رائے کا حق رکھتے ہیں ، کسی بھی جمارت یا امید وار کی شکایات کا زالہ کرینگے

شہباز شریف اظہار رائے کا حق رکھتے ہیں ، کسی بھی جمارت یا امید وار کی شکایات کا ...

  

گوجرانوالہ،وزیرآباد(بیورو رپورٹ، نامہ نگار نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے وزیرآباد میں تقریباً ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل کئے جانے والے وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے افتتاح کے بعد انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔نگران وزیراعلی نے مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی ۔نگران وزیراعلی نے مریضوں اور ان کے تیمار داروں سے ادارے میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے بھی دریافت کیا۔انسٹی ٹیوٹ سے ڈویژن کے 6اضلاع کے مریض جدید علاج سے مستفید ہوں گے۔وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دل کے آپریشن، سی سی یو،کارڈیک ایمرجنسی ،انجیوگرافی ،انجیو پلاسٹی ،ایکو کارڈیوگرافی، ریڈیالوجی اورکلینکل لیبارٹری کی سہولتیں میسر ہیں۔انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد 2006ء میں رکھا گیا اوراس کی تعمیر2007ء میں شروع ہوئی تھی اوراسے نگران حکومت کے دور میں 12سال بعد مکمل طورپر فعال کیاگیاہے۔انسٹی ٹیوٹ میں 200 بستروں کی گنجائش ہے جبکہ ابتدائی طورپر 100بیڈ کا انتظام ہے ۔انسٹی ٹیوٹ سے ڈویژن کے 50لاکھ افرادعلاج معالجے کی جدید سہولتوں سے مستفید ہوں گے۔وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام سے مریضوں کو لاہور اوردیگر بڑے شہروں میں لیجانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔نگران وزیراعلیٰ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ایسی سہولت قائم ہوئی ہے جو وقت کے ساتھ آگے بڑھے گی اوراس سے پوری کمیونٹی کو فائدہ پہنچے گا۔وزیرآباد کیساتھ گوجرانوالہ ڈویژن اوراردگرد کے علاقوں کے لوگ بھی اس ہسپتال سے مستفید ہوں گے جوکہ ایک اچھاعمل ہے اوریہ مشترکہ کاوش ہے جس کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے ۔اگرچہ اس ہسپتال کو مکمل فعال کرنے میں 12سال لگے جو کہ بہت طویل عرصہ ہے لیکن مجھے امید ہے کہ آئندہ اس ادارے میں مزید طبی سہولتیں مہیا کرنے میں اتنا وقت نہیں لگے گاکیونکہ پرعزم اورمحنتی لوگ یہ ادارہ چلا رہے ہیں اوروہ یقیناًاس ادارے میں سہولتوں کو بڑھائیں گے جس سے مریضوں کو فائدہ پہنچے گا ۔انہوں نے کہ جس منصوبے کومعاشرے اورلوگوں کی حمایت حاصل ہو وہ ہمیشہ کامیاب ہوتے ہیں اورمجھے خوشی ہے کہ اس انسٹی ٹیوٹ میں روزانہ 1500تک مریضوں کو اوپی ڈی میں طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے اس ادارے کو مکمل فعال کرنے کیلئے دن رات کام کیا ہے جس کے لئے میں نگران صوبائی وزیر صحت جواد ساجدخان اوردیگر ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ یک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کو ان کے سٹیٹس اورکیٹگری کے مطابق سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ الیکشن میں 2،3دن باقی رہ گئے ہیں لہذا ہماری پوری توجہ شفاف،غیر جانبدار اورمنصفانہ انتخابات پر ہے ۔بعدازاں ڈاکٹر حسن عسکری نے وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا بھی افتتاح کیا۔نگران وزیراعلیٰ نے پودے کو پانی دیا اور دعا خیر کی۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے صوبہ بھر میں شجر کاری مہم شروع کر رکھی ہے۔پودے لگاکر ہم ماحولیاتی آلودگی او رسموگ کو کم کرسکتے ہیں ۔ایسے پودے لگانے چاہئیں جو پروان چڑھیں تو سایہ بھی دیں اور پھل بھی۔ انہوں نے کہا کہ پودے لگانے کے ساتھ ان کی حفاظت بھی بہت ضروری ہے ۔صوبائی نگران وزراء ضیاء حیدر رضوی، ڈاکٹر جواد ساجد خان،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ نگران وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے سانحہ مستونگ کے متاثرین کے لئے ایک کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ نگران پنجاب حکومت اپنے بلوچ بھائیوں کی مدد کیلئے مستونگ فنڈ میں یہ رقم دے گی۔ نگران وزیراعلی نے کہاکہ دکھ کی گھڑی میں ہم اپنے بھائیوں کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ مستونگ نے ہر دل کو رولایا ہے اورہر آنکھ کو اشکبار کیاہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم سانحہ مستونگ کے متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

حسن عسکری

مزید :

صفحہ اول -