ڈی آئی کان ، پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور خودکش حملے میں شہید

ڈی آئی کان ، پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور خودکش حملے میں شہید

  

ڈیرہ اسمٰعیل خان،پشاور، اسلام آباد(بیورو رپورٹ،نیوزایجنسیاں)تحصیل کلاچی کے علاقہ محلہ کمال خیل میں نوری دربار کے قریب انتخابی مہم کے دوران سابق صوبائی وزیرزراعت خیبرپختونخوا،پی کے 99سے تحریک انصاف کے امیدوار کلاچی سرداراکرام اللہ خان گنڈا پور کی گاڑی کے قریب خود کش دھماکہ ہوا جس میں سابق صوبائی وزیرسمیت 2 افراد شہید جبکہ پانچ شدیدزخمی ہوگئے۔‘گاڑی اورآس پاس کے مکانوں کو شدید نقصان زخمیوں کواپنی مددآپ اورریسکیو1122کی ایمبولینسز کے ذریعے سول ہسپتال ڈیرہ اورسی ایم ایچ منتقل کردیاگیا ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سرداراکرام خان گنڈہ پورانتخابی مہم کے سلسلے میں اکرام کمال خیل کے گھر سے نکلے اورگاڑی میں بیٹھ رہے تھے کہ خود کش حملہ آور نے گاڑی کے قریب خود کو اڑادیا جس سے زورداردھماکہ ہوا ۔ دھماکے کے نتیجے میں سابق صوبائی وزیرسرداراکرام خان گنڈہ پور،ان کا ڈرائیور محمد رمضان ،سابق یوسی ناظم درابن نجیب شاہ ،گن مین دلنواز، گن مین عبدالرزاق اورراہگیر سیف الرحمان زخمی ہوگئے جن کو فوری طورپراپنی مددآپ اورریسکیو1122کی ایمبولینسز کے ذریعے سول ہسپتال ڈیرہ اورسی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں سابق صوبائی وزیرسرداراکرام خان گنڈا پوراور ان کے ڈرائیوررمضان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے ۔ دھماکہ اتنا زوردارتھاکہ اکرام خان کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچاجبکہ قریبی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع پرپولیس وسیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔اکرام اللہ گنڈا پور کے بھائی انعام اللہ گنڈا پور نے ایک بار پھر اپنے بھائی پر ہونیوالے خود کش حملے کا شک علی امین گنڈا پور پر ظاہر کردیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انعام اللہ گنڈا پور نے کہا کہ ان کے 2 بھائی خود کش حملوں میں شہید ہوچکے ہیں لیکن انہیں تحفظ فراہم نہیں کیا گیا۔ خطرات سے پی ٹی آئی کی قیادت کو پہلے ہی آگاہ کرچکے لیکن عمران خان نے ہماری کوئی مدد نہیں کی، چیف جسٹس صاحب خدا کیلئے ایکشن لیں۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے ’پی کے 99‘ میں انتخابات ملتوی کردیے۔چیف الیکشن کمشنر نے اکرام اللہ گنڈاپور پر حملے کی شدید مذمت کی۔چیف الیکشن کمشنر نے نگراں وزیراعلیٰ، آئی جی اور چیف سیکرٹری کے پی کے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہدایات کے باوجود سیکیورٹی کا مناسب انتظام کیوں نہیں کیا جاتا؟چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام امیدواروں کو بلا امتیاز سیکیورٹی فراہم کی جائے اور انتخابات کے لیے ماحول پر امن اور سازگار بنایا جائے۔ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے اکرام اﷲ خان گنڈا پورپر ہونے والے خود کش دھماکے کی تحقیقات کیلئے ایک ہائی پاور کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی انوسٹی گیشن کمیٹی کے دیگر ممبران میں ایس پی ، ایس ایس پی ہیڈکوارٹر ، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن کے علاوہ آئی بی، آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندے شامل ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے کمیٹی کو تیز رفتار تحقیقات کرنے اور ہر حوالے سے مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، جس میں سانحہ کے محرکا ت کا پتہ چل سکے ۔

اکرام اللہ خان گنڈا پور

بنوں(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرم خان درانی کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی تاہم وہ قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔ رہنما ایم ایم اے اکرام خان درانی پر چند روز کے دوران یہ دوسرا حملہ ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ اکرم درانی انتخابی مہم کے سلسلے میں بنوں کے علاقے بسیہ خیل جارہے تھے کہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔پولیس کے مطابق نامعلوم افراد اکرم خان درانی کی گاڑی پر فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے تاہم قاتلانہ حملے میں وہ محفوظ رہے۔فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات شروع کر دیں۔

اکرم درانی

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا ڈیرہ اسماعیل خان خودکش حملے میں اکرام اللہ گنڈاپور کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم ایک اور محب وطن سیاسی رہنما سے محروم ہوگئے ہیں ،سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پر عزم اور ثابت قدم ہیں، ہمارے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

جنرل باجوہ

مزید :

صفحہ اول -