الیکشن کمیشن نے الیکشن ڈیوٹی پر تعینات فوجی اہلکاروں سے بڑا اختیار واپس لے لیا، انتہائی حیران کن خبر آ گئی

الیکشن کمیشن نے الیکشن ڈیوٹی پر تعینات فوجی اہلکاروں سے بڑا اختیار واپس لے ...
الیکشن کمیشن نے الیکشن ڈیوٹی پر تعینات فوجی اہلکاروں سے بڑا اختیار واپس لے لیا، انتہائی حیران کن خبر آ گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن کی طرف سے 10جولائی کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں الیکشن ڈیوٹی پر تعینات 3لاکھ 71ہزار فوجی اہلکاروں کو 23تا 27جولائی مجسٹریٹ کے اختیار دیئے گئے تھے تاہم الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو مختلف حلقوں کی طرف سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، حتیٰ کہ سینیٹ میں بھی اس فیصلے کے خلاف آواز اٹھائی گئی۔ اس کڑی تنقید کے بعد اب الیکشن کمیشن نے فوجی اہلکاروں سے یہ اختیار واپس لینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
انگریزی اخبار ایکسپریس ٹربیون کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کیے گئے نئے نوٹیفکیشن میں نہ صرف فوجی اہلکاروں سے مجسٹریٹ کے اختیارات واپس لیے گئے ہیں بلکہ ان کے بعض دیگر اختیارات بھی محدود کر دیئے گئے ہیں۔ان میں سیکشن 169اور 171کے اختیارات بھی شامل ہیں جن کے تحت فوجی اہلکار کسی دوسرے زندہ یا مردہ شخص کا ووٹ ڈالنے کی کوشش کرنے والے یا ووٹرز کو پولنگ سٹیشن میں داخلے سے روکنے کی کوشش کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کر سکتا تھا۔
اس کے علاوہ سیکشن 176اور 177کے تحت پولنگ سٹیشن کے گرد 400میٹر کے فاصلے کے اندر کسی بھی طرح کی گڑ بڑ یا ہنگامہ خیزی کرنے والے شخص کے خلاف بھی فوجی اہلکار کارروائی کر سکتا تھا۔ ان کے علاوہ بھی کئی سیکشنز کے اختیارات فوجی اہلکاروں سے واپس لے لیے گئے ہیں۔ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق اب یہ تمام اختیارات صرف پریزائیڈنگ آفیسر کے پاس ہوں گے۔