حساس ادارے کے سابق ملازم نے 6 افراد کو قتل کر کے اپنے ساتھ کیا کیا؟ جان کر سب دہل گئے
چکوال (ڈیلی پاکستان آن لائن) تھانہ ٹمن کے قریب قائم اڈے پر مسلح شخص کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق اور مزید 6 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ملزم نے خود کو بھی ہلاک کر دیا۔ مسلح شخص کی فائرنگ سے جاں بحق 6 افراد کی شناخت محمد حسن، حسن عثمانی، محمد اقبال، محمد صدیق، اظہر اور نذیر احمد کے نام سے ہوئی ہے اور ملزم کی شناخت محمد سعید کے نام سے ہوئی ہے جو فوج سے ریٹائرڈ اور ذہنی توازن درست نہیں تھا۔
دروٹ میں اڈے پر فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی اور وہاں موجود افراد اپنی جانیں بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔رپورٹ کے مطابق مسلح شخص نے 6 افراد کے قتل کے بعد خود کو بھی گولی ماری اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو سٹی ہسپتال تلہ گنگ منتقل کیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک تھی جنھیں مزید طبی امداد کے لیے راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس اور تحقیقاتی ٹیم نے جائے وقوع کا جائزہ لیا اور مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے تاہم اس واقعے کے حوالے سے مزید حقائق سامنے نہیں آئے کہ ملزم کے پاس کلاشنکوف کہاں سے آئی اور واقعے کے کیا محرکات تھا۔