عوام نے موقع دیا تو قائد اعظم اور اسلام کا نظام لیکر آئیں گے :شہبازشریف کا موجودہ نظام سے بغاوت کا اعلان
ڈیرہ غازیخان (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہاہے کہ عوام نے موقع دیا تو موجودہ فرسودہ نظام ختم کردیں گے ، قائد اعظم اور اسلام کا نظام لیکر آئیں گے ۔چین کی مدد سے ڈیم تعمیر کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف دل کے مریض ہیں اور ان کو اڈیالہ جیل میں زمین پر سلایا گیااور صحیح ادویات نہیں دی گئیں۔ زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن میں نگران حکومت سے کہنا چاہتا ہوں کے طبی وجوہا ت پر کچھ ہوا تو عوام کے ہاتھ ہوں گے اور تمہارا گریبان ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں جو جنوبی پنجاب میں نیب کے تمام تر دباﺅ کے باوجود کھڑے رہے حالانکہ نیب نے جنوبی پنجاب میں ہمارے بندو ں کوتوڑا ۔
انہوں نے کہا کہ جب راجن پور میں سیلاب آیا میں خود یہاں ہوتا تھا ۔ ہمارا ایک قصور ہے کہ نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کئے اور ملک سے اندھیرے ختم کئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے آخری جلسے میں اعلان کررہاہوں کہ اگر عوام نے ہم کو کامیاب کروایا تو ہم چین کی مدد سے بھاشا ڈیم بنوائیں گے ۔ شہبازشریف نے کہا کہ میں اس نظام کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتا ہوں جہاں تھانے میں ظلم ہوتا ہے اور کچہری میں انصاف ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے مجھے کامیاب کروایا تو میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں قائد اعظم کا نظام اور اسلام کا نظام لیکرآﺅں گا اور اس فرسودہ نظام کوجو بیوہ پر ظلم کرتاہے دفن کردیں گے ۔