واسا کامون سون کے دوران 35نشیبی مقامات پر کیمپ لگانے کافیصلہ

واسا کامون سون کے دوران 35نشیبی مقامات پر کیمپ لگانے کافیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سٹی رپورٹر) ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کانیا سلسلہ داخل ہوگیا جس کے بعد واسا نے بھی اس سے نپٹنے اور شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے ا پنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق موسلا دھار بارش کے سبب چوبر جی، ساندہ، راجگڑھ، اسلا، پورہ، سنت نگر،بلال گنج، موہنی روڈ، دہلی گیٹ،یکی گیٹ، دوموریا پل، سرکولر روڈ،گڑھی شاہو، لکشمی چوک، شاہ جمال اور مسلم ٹاؤن سمیت کئی نشیبی علاقے میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو جاتاہے جس کے بعد ٹریفک کی روانئی سمیت شہریوں کو دیگر کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں بار ش سے ریلوے اسٹیشن اور میٹرو بس اسٹیشن میں بھی پانی کاجمع ہونا معمول کی بات بن گئی ہے۔ اس تمام صورتحال سے نمٹنے کیلئے واسا نے اپنا لائحہ عمل تیار کر لیا ہے جس کے تحت واسا کا عملہ پانی کی نکاسی اور شہریوں کی دیگر شکایات کا ازالہ کریگا۔شہر کے 22نشیبی علاقوں میں واسا کے نمائندے موجود رہیں گے۔اس کے علاوہ شہر کے 26مختلف مقامات پر سیکشن مشینیں بھی رکھی جائیں گی تا کہ پانی کی بر وقت نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ واسا حکام کی جانب سے جاری کر دہ حالیہ پلان کے مطابق شہر کے 35مقامات پر کیمپ بھی لگائے جائیں گے جس میں تین مختلف شفٹوں میں واسا کے639ملازمین اپنے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ ان کی رہنمائی اور عوامی مشکلات حل کرنے کیلئے سب انجینئراور نگران بھی موجود ہوں گے۔واضح  رہے کہ بارش کے باعث  ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو جاتا اور سڑکوں پر کئی حادثات بھی دیکھنے میں آتے ہیں۔