عمران خان اور ٹرمپ مذاکرات میں کامیابی کے امکانات کم ہیں، بیلم حسنین
لاہور(لیڈی رپورٹر) پیپلزپارٹی کی سابق رکن قومی اسمبلی بیگم بیلم حسنین نے کہا ہے کہ عمران خان اور ٹرمپ کے مذاکرات میں کامیابی کے امکانات کم ہیں کیونکہ عمران خان جذباتی انسان ہیں جبکہ امریکی ٹھنڈے مزاج کے ہوتے ہیں۔اپنے ایک بیان میں بیگم بیلم حسنین نے کہا کہ پاکستان اپنی سکیورٹی پالیسیوں میں تبدیل نہیں کرے گا جس کی وجہ سے ملاقات کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکی امداد لیتے ہیں اس لئے امریکہ کا کہنا بھی ماننا پڑیگا۔ اور اگر ایسا نہیں ہوگا تو پاکستان کیلئے مشکل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے مذاکرات صرف شہید وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے کامیاب ہوئے کیونکہ دونوں سیاستدان تھے اور ٹھنڈے مزاج سے فیصلے کرتے تھے۔
اور اپنی بات بھی مانتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت خطے کا اہم ملک ہے اور افغانستان، ایران، بھارت، چین کے حوالے سے زیادہ اہم ہوگیا ہے۔ اس لئے خارجہ پالیسی پر وزیراعظم عمران خان کو بہت محنت کرنی ہوگی۔
اور خارجہ پالیسی بناتے وقت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے مشاورت کرنی ہوگی کیونکہ بلاول بھٹو کے نانا اور والدہ کا خارجہ امور پر بڑا اثر تھا۔