بجلی کمپنیوں کی طلب میں کمی سے گیس پائپ لائن نیٹ ورک کو ”ہنگامی صورتحال“ کا سامنا

   بجلی کمپنیوں کی طلب میں کمی سے گیس پائپ لائن نیٹ ورک کو ”ہنگامی صورتحال“ ...

  



اسلام آباد(آن لائن) بجلی بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے مطلوبہ مقدار سے کم گیس لینے کے باعث ملک میں گیس پائپ لائن کے نیٹ ورک کو ’ہنگامی صورتحال‘ کا سامنا ہے۔گیس فراہم کرنے والے نیٹ ورک سے منسلک ایک عہدیدار نے بتایا کہ ’یہ بہت خطرناک صورتحال ہے کیوں کہ مائع قدرتی گیس کے دونوں ری گیسفکیشن ٹرمینلز کے آف لوڈنگ پوائنٹ پر پائپ لائن میں الٹی سمت شدید دباؤ پڑ رہا ہے‘۔انہوں نے بتایا کہ اتوار کو گیس سسٹم شروع ہوتے وقت پائپ لائن میں 4 ہزار 810 ملین کیوبک فیٹ فی دن (ایم ایم سی ایف ڈی) گیس بھری ہوئی تھی اور شام میں بند ہوتے وقت اس کی مقدار 4 ہزار 750 ملین کیوبک فیٹ روزانہ تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ انتہائی غیر محفوظ سطح ہے گیس کی پائپ لائنز اور پروسیسنگ سسٹم خطرے میں ہے اور اگر بڑے صارفین گیس لینے کی مقدار میں اضافہ نہیں کریں گے تو یہ پھٹ بھی سکتی ہیں‘۔اس ضمن میں جب پیٹرولیم ڈویڑن کے ترجمان شیر افگن سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں گیس کی طلب میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے بجلی گھروں نے بجلی کی فراہمی میں کمی کی ہے۔اس سے گیس منتقلی کے نظام میں پائپ لائن میں دباؤ بڑھ رہا ہے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند روز میں پاور سیکٹر کی جانب سے گیس کا حصول 850-950 ایم ایم سی ایف ڈی سے کم ہو کر 650 ایم ایم سی ایف ڈی ہوچکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں کیوں کہ ’یہ زیادہ دیر تک رک نہیں سکے گی‘۔

گیس پائپ لائن

مزید : صفحہ آخر


loading...