انیل مسرت کا حکومتی اشتراک سے پنجاب کے ہر ڈویژن میں ہسپتال بنانے کا اعلان، عثمان بزدار کا خیر مقدم

  انیل مسرت کا حکومتی اشتراک سے پنجاب کے ہر ڈویژن میں ہسپتال بنانے کا اعلان، ...

  



لاہور (جنرل رپورٹر) برطانوی سرمایہ کار انیل مسرت نے حکومت پنجاب کے اشتراک سے ہر ڈویژن میں ہسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے صوبے کے 9 ڈویژن میں جدید ہسپتال بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفد کے ہمراہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران کیا۔ انیل مسرت نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار محنت اور جذبے کے ساتھ صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانیز بھی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے عملی اقدامات سے خوش ہیں اور ہم عوامی خدمت کے سفر میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کیساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انیل مسرت کی جانب سے ہر ڈویژن میں ہسپتال بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے جبکہ ہمارا مقصد عام آدمی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عام آدمی کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور اس حوالے سے شعبہ صحت میں نجی شعبے کی شراکت داری اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار نئے پاکستان میں وی آئی پی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہمارے دروازے سرمایہ کاروں کیلئے کھلے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تبدیل ہوتے پاکستان میں سرمایہ کار سے کوئی رشوت یا کمیشن نہیں لے سکے گا اور نہ ہی سرمایہ کاری سے متعلقہ فائل سرخ فیتے کی نذر ہوگی۔ سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے ہرسطح پر معاونت فراہم کی جائے گی۔دریں اثناؤزیراعلیٰ پنجاب سے چیئرمین صوبائی ٹاسک فورس افورڈایبل ہاؤسنگ یعقوب طاہر اظہار نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کا پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے اوراس پروگرام کے متعلقہ امور کو جلد سے جلد نمٹایا جارہا ہے تاکہ کم آمدن والے خاندانوں کے لئے ان کی چھت کا خواب پورا ہوسکے کیونکہ بے گھر عوام کو چھت فراہم کرنا پی ٹی آئی منشور کا حصہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا دائرہ کار مرحلہ وار پنجاب کے تمام شہروں تک بڑھایا جائے گااور نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت کم آمدن والے شہری اپنے گھر کا خواب پورا کرسکیں گے اور نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم سے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے واشنگٹن میں تاریخی خطاب کیا، کیپٹل ارینا ون سٹیڈیم میں ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کی موجودگی حکومت پر عوامی اعتماد کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کو ترقی و خوشحالی کی نوید دی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے سادگی کا نیا اور قابل تقلید معیار قائم کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان ہی پاکستان کو مسائل سے نکال کر ترقی کی راہ پر لے کر جائیں گے۔

انیل مسرت/عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول


loading...