ملک و قوم کیخلاف سازشیں کرنے والے نادا ن ہوش کے ناخن لیں: فردوس عاشق

ملک و قوم کیخلاف سازشیں کرنے والے نادا ن ہوش کے ناخن لیں: فردوس عاشق

  



کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ سازشیں کرنے والے نادان ہوش کے ناخن لیں۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کا بیانیہ عالمی سطح پر اجاگر کررہے ہیں، انہیں دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانیوں نے وزیراعظم عمران خان کا والہانہ استقبال کیا جبکہ اتوار کو ہونے والے جلسہ سے زہریلا پراپیگنڈا کرنے والوں کی مات ہوئی، کچھ سیاسی نابالغ دوست پاکستان کے مفاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، سازشیں کرنے والے نادان ہوش کے ناخن لیں، جس کو احتجاج یا سیاست کرنی ہے وہ پاکستان میں آکرکرے، پاکستان سے باہر صرف قوم کا مفاد اور ایک ہی بیانیہ ہونا چاہیے، سیاست کا رنگ چڑھانے کیلئے عالمی سطح پر سازش نہیں کرنی چاہئے۔علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان دنیا میں پاکستان کی پہچان ہیں،امریکہ کی تاریخ میں سب سے بڑے اوورسیز اجتماع سے خطاب ان کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے سامنے نئے پاکستان کا وژن رکھا،انہوں نے اپنی جدوجہد اور اور مضبوط عزم سے ہمیشہ اپنے مخالفین اور ناقدین کو غلط ثابت کیا۔ 

فردوس عاشق اعوان

مزید : صفحہ اول


loading...