شہداءکی قربانیوں کی بدولت آج ملک میں امن و استحکام ،اشفاق خان
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے سانحہ ارفع کریم ٹاور بم دھماکے میں شہید ہونے والے دوحقیقی بھائیوں کے والد حاجی نذیر حسین سے ملاقات کی ۔سانحہ ارفع کریم ٹاور میں پولیس کے 8جوان شہید ہوئے تھے جن میں 2سگے بھائی کانسٹیبل غلام مرتضٰی اور کانسٹیبل علی رضا بھی شامل تھے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے اس موقع پر کہا کہ 24 جولا ئی کوسانحہ ارفع کریم ٹاور کے شہداءکی برسی بھرپور انداز میں منائیں گے۔ہم اپنے شہداءکو بھولے نہیں ۔لاہور پولیس 311 شہداءکی وارث ہے اور شہداءہمارا فخرہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس شہداءکی قربانیوں کی بدولت آج ملک میں امن و استحکام ہے۔اشفاق خان نے کہا کہ پنجاب پولیس کا ہر جوان دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑا ہے۔لاہور پولیس نے دہشت گردوں اورجرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے ہمیشہ قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
اشفاق خان نے مزید کہا کہ شہدا ءکے لواحقین کی مناسب دیکھ بھال کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔