پاکستان باہمی مفادات، سکیورٹی چیلنجر کیخلاف چین کیساتھ ملکر کام کرتارہیگا: جنرل زبیر محمود حیات

پاکستان باہمی مفادات، سکیورٹی چیلنجر کیخلاف چین کیساتھ ملکر کام کرتارہیگا: ...

  



اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے چین کی پیپلزلبریشن آرمی (پی ایل اے) کو عا لمی امن واستحکام کے فروغ اور ترقی کیلئے اہم کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے چینی فوج کی اصلاحات میں بہتری بڑ ی کامیابی اور قابل تعریف ہے، پاک چین دوستی پاکستانی حکومت اور ہر سیاسی جماعت کیلئے بہت اہمیت رکھتی ہے، بین الاقوامی اور علاقائی حالات میں تبدیلیوں کے باوجود پاکستان چین کیساتھ پرعزم طریقے سے کھڑا رہے گا اورمختلف اقسام کے باہمی مفادات کے حوالے سے سکیورٹی چیلنجز کیخلاف مل کر کام کرتا رہے گا۔ پیر کو پیپلزلبریشن آرمی کی 92ویں سالگرہ کے موقع پر یہاں ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ استقبا لیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا چینی فوج صدر شی جن پنگ کی قیادت میں ملک کے دفاع اور سماجی واقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔استقبالیے کا اہتمام پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ کی طرف سے کیا گیا تھا جس میں بڑی تعداد میں پاک فوج،ائیر فورس اور نیوی کے اعلی افسران اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد بھی موجود تھے، جبکہ چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل چن وین رونگ نے نئے دور میں چینی فوج کی ترقی کے حوالے سے ایک مختصر تعارف پیش کیا اور پی ایل اے کی اصلاحات کیساتھ ساتھ غیر ملکی تبادلوں اور تعاون کے فروغ،عالمی سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے شاندار شراکت کا بھی ذکر کیا اورکہا چین اور پاکستان کے درمیان عملی فوجی تعاو ن کے نتیجے ثمر آور نتائج حاصل ہوئے ہیں اسکے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات میں ہر گزرتے سال اضافہ ہوا۔ دونوں ملکوں کو سدا بہار اسٹریٹجک تعاو ن شراکت داری کی بنیاد پر فخر ہے، چین دہشت گردی اور دیگر شعبوں میں پاکستان کی جانب سے کی جانیوالی کوششوں کی انتہائی قدر کرتا ہے۔بین الاقومی صورتحال میں تبدیلیوں کے باوجود چین اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے۔انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو سکیورٹی فراہم کرنے پر پاک فوج کے کردار کو سراہا اور اس یقین کا اظہار کیا دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کا فائدہ دونوں ممالک کے مشترکہ عوام کو ہوگا۔استقبالیہ کے دوران اپنی تقریرمیں جنرل زبیر محمود حیات نے پاک فوج کے تمام اراکان کی جانب سے صدر شی جن پنگ اور چینی فوج کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہاپاکستانی عوام کے دلوں اور دماغوں میں گہری دوستی کیساتھ ساتھ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان آزمائش کی ہر گھڑی میں فوجی تعلقا ت رہے ہیں بلکہ اعلی سطحی وفود کے تبادلے اور دفاعی اور تربیتی شعبوں میں تعاون مسلسل جاری رہا ہے۔انہوں نے چین کے تعاون اور پاکستان کی مدد پر شکریہ بھی اداکیا،استقبالیہ تقریب کے دوران مہمانوں کو چین فوج کی نئی دور کے حوالے سے کردار پر مبنی ایک وڈیوبھی دکھائی گئی۔

جنرل زبیر

مزید : علاقائی


loading...