جماعت اسلامی سندھ کاکمر توڑ مہنگائی وبیروزگاری پر تشویش کا اظہار

  جماعت اسلامی سندھ کاکمر توڑ مہنگائی وبیروزگاری پر تشویش کا اظہار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ نے کمر توڑ مہنگائی وبیروزگاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اپنے انتخابی وعدوں پر عمل کرتے ہوئے عوام کو ریلیف،لوٹی ہوئی دولت کی واپسی اور مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے کیلئے کرپشن فری وسنجیدہ اقدامات کئے جائیں، یہ بات جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ میں منظور ہونے والی قرارداد میں کہی گئی جو کہ قباء آڈیٹوریم میں صوبائی امیر محمد حسین محنتی کی زیرصدارت منعقد ہوا، قرارداد میں کہا گیا کہ موجودہ پی ٹی آئی حکومت نے انتخابات جیتنے کیلئے یہ نعرہ لگایا تھا کہ وہ کرپٹ سیاستدانوں سے لوٹی ہوئی دولت واپس، ملک میں معاشی خوشحالی،روزگار اور عام عادمی کا معیار زندگی بہتر بنائیں گے مگر ایک سال گذرجانے کے باوجود حکومت لوٹی ہوئی دولت کی واپس نہ لاسکے اس کے برعکس مہنگائی کی بمباری کرکے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے،حکومت کی غلط معاشی پالیسی اور ٹیکسوں کی بھرمار سے کئی لاکھ لوگ بے روزگار اور کاروباری طبقہ سخت پریشان ہے، عوام دشمن بجٹ نے عام آدمی سے لیکر تاجروں تک ہر طبقے کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے، بجٹ کا بڑا حصہ سود کے ساتھ قرض کی واپسی میں خرچ ہوگا جو اس مقروض ملک کے ساتھ ظلم وزیادتی کے مترادف ہے، بجٹ ہمیشہ اپنے وسائل کو دیکھ کر بنایا جاتا ہے مگر امپورٹیٹڈ وزیرخزانہ اور ان کی ٹیم نے اسٹیبلشمنٹ کو خوش کرنے کیلئے تین کھرب سے زائد خسارے کا بجٹ پیش کیا، 713ارب کے نئے ٹیکس لگاکر عوام دشمنی کا ثبوت دیاگیا ہے۔جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ نے حالیہ بجٹ اور ٹیکسز کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آمدن کو سامنے رکھ کر بجٹ بنایا جائے، عوام کو ریلیف اور لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کا قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کیا جائے، ٹیکسز پر نظرثانی،سادگی وکفایت شعاری کو فروغ دیکر اس ملک وقوم کی حالت زار پر رحم کیا جائے۔