گھوٹکی الیکشن،پیرپگارا کا احمد علی مہر کی بھرپور حمایت کا اعلان

گھوٹکی الیکشن،پیرپگارا کا احمد علی مہر کی بھرپور حمایت کا اعلان

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)حروں کے روحانی پیشوا اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ پیرپگارا نے گھوٹکی کے ضمنی انتخاب میں سردار علی گوہر خان مہر کے نامزد امیدوار احمد علی مہر کی ایک مرتبہ پھر بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے حر جماعت کے تمام مریدین،اپنے واسطہ داروں اور دوسرے تمام ووٹرز سے کہا ہے کہ وہ آزاد امیدوار احمد علی مہر کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں. کنگری ہاوس کراچی سے جاری کئے جانے والے ایک بیان میں پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ مہر قبیلے نے اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا تھا کہ مرحوم علی محمد مہر کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی اس نشست پر الیکشن لڑنے کا پہلا حق ان کے صاحبزادے علی احمد مہر کا ہے خواہ وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے یہ الیکشن لڑیں یا پھر وہ جی ڈی اے،مسلم لیگ فنکشنل،پی ٹی آئی اورپیپلز پارٹی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کا ٹکٹ حاصل کریں۔اس فیصلے کے وقت کسی بھی مرحلے پر سردار محمد بخش مہر کا نام بطور امیدوار زیر غور نہیں آیا اور وہ سندھ کی قدیم روایات کے برخلاف مرحوم کے بیٹے کے سامنے امیدوار بن کر آگئے ہیں۔پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ ہم مہر برادری کی جانب سے کئے جانے والے فیصلے کا مکمل احترام کرتے ہوئے سردار علی گوہر خان مہر اور ان کے امیدوار کی اعلانیہ اور بھرپور حمایت کررہے ہیں اور اپنے مریدین اور واسطہ داروں سے بھی کہا ہے کہ وہ گھوٹکی الیکشن میں احمد علی مہر کو ووٹ دیکر کامیابی دلائیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر