پشاور،مرکزی تنظیم تاجران کا نانبائیوں کو سبسڈی دینے کا مطالبہ
پشاور(سٹی رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران اورتاجر اتحاد ضلع پشاورنے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ شہریوں کو روٹی کے نرخ میں ریلیف دلانے کے لئے نانبائیوں کو سوئی گیس اور آٹے پر سبسڈی دے کر 130 گرام روٹی کے بجائے160گرام روٹی کی قیمت 10 روپے مقرر کیا جائے تاکہ غریب لوگ بھی روٹی خریدنے کے قابل ہو۔ مرکزی تنظیم تاجران کے چیئرمین شوکت علی خان، صدر شرافت علی مبارک اور تاجر اتحاد کے چیئرمین حاجی محمد افضل، جنرل سیکرٹری مجیب الرحمان اور سیکرٹری اطلاعات جاوید اخترکی زیرصدارت تاجر برادری کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی حکومت سے تندور فروشوں کو سوئی گیس اور آٹے پر سبسڈی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے دس روپے میں 160گرام روٹی پشاور میں میسر کرانے کی اپیل کی گئی ہیں۔ تاجر برادری نے کہاکہ 130گرام روٹی سے پیٹ بھر کے کھانا ایک خواب بن گیاہے اور حکومت کم ازکم 160گرام روٹی دس روپے میں یقینی بنانے کے لئے یوٹیلٹی سٹور طرز پر تندور مالکان کو آٹے اور سوئی گیس پر سبسڈی دیں، انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت نے دس روپے میں 150گرام روٹی کم کرکے 130گرام کردیا جو کہ 140گرام روٹی ہونا چاہئے تھا۔