کے پی کے اسمبلی اجلاس،ڈیرہ دھماکہ کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی
پشاور(نیوز رپورٹر)خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر محمود جان کی صدارت میں تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا وقفہ سوالات میں ارکان اسمبلی نگہت یاسمین اورکزئی،عنایت اللہ خان،وقار احمد خان،سردار حسین بابک،صلاح الدین خان،شگفتہ ملک،اکرم خان درانی اور میاں نثار گل نے محکمہ معدنیات،محکمہ صنعت وحرفت،محکمہ آبکاری ومحاصل،محکمہ اوقاف وحج اور محکمہ ماحولیات کی کارکردگی سے متعلق سوالات کئے صوبائی وزراء ڈاکٹر امجد علی خان،ضیاء اللہ بنگش اور اشتیاق ارمڑ نے جوابات دیئے رکن اسمبلی عنایت اللہ خان کے محکمہ معدنیات سے متعلق سوالات ڈپٹی سپیکر محمود جان نے ایوان کے مشورے سے قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیئے،خاتون رکن نگہت اورکزئی کی نشاندہی پر ایوان میں ڈیرہ اسماعیل خان خودکش دھماکے کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی نگہت اورکزئی کے نکتہ اعتراض کے جواب میں ڈپٹی سپیکر نے سیکرٹری اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت سے ائر ہوسٹیز کے اسلام آباد تبادلوں کے حوالے سے بات کریں اپوزیشن رکن عنایت اللہ خان نے سکولوں سے ڈراپ آؤٹ پوزیشن اور لاکھوں بچں کے سکولوں سے باہر ہونے کا معاملہ تحریک التواء کے ذریعے ایوان میں اٹھایا اور کہا کہ یہ حکومت کے مانیٹرنگ رپورٹ کی بنیاد پر ہے ڈپٹی سپیکر نے تحریک التواء ایوان کے مشورے سے تفصیلی بحث کیلئے منظور کردیا جس کے لئے دن کا تعین بعد میں کیا جائے،اے این پی کے رکن ثمر ہارون بلور کے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے ایوان کو بتایا کہ کہ اے ڈی پی میں مخدوش سکولوں کی تعمیر نو اور مرمت کیلئے فنڈز رکھے گئے ہیں،رکن اسمبلی عنایت اللہ نے توجہ دلاؤ نوٹس پر کہا کہ ضلع دیر بالا میں چندہ ماہ قبل کتابوں کا ایک ٹرک سمگل ہوتے ہوئے پکڑا گیا تھا بعد میں معلوم ہوا کہ اس میں ڈی ای او مردانہ وزنانہ دونوں ملوث ہیں اور اس سے پہلے بھی وہ کتابیں سمگل کرنے میں ملوث رہے ہیں وزیر تعلیم صاحب محکمہ انٹی کرپشن سے اس معاملے کی انکوائری کا حکم دیں مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ پہلے وہ محکمہ کے تحت انکوائری کرں گے پھر انٹی کرپشن کو بھجوادیں گے صوبائی وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے خیبر پختونخوا مائینز سیفٹی،انسپکشن اینڈ ریگولرائزیشن بل 2019ء ایوان میں پیش کیا مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے خیبر پختونخوا اللسائل والمحروم فاؤنڈیشن (ترمیمی)بل 2019ء ایوان میں پیش کیا،سپیکر نے اجلاس پیر 5 اگست دوپہر 2 بجے تک کیلئے ملتوی کردیا۔