عمران خان اور ٹرمپ کے درمیان کشمیر کے معاملے پر بات چیت ، حریت رہنما سید علی گیلانی نے پیغام جاری کر دیا

عمران خان اور ٹرمپ کے درمیان کشمیر کے معاملے پر بات چیت ، حریت رہنما سید علی ...
عمران خان اور ٹرمپ کے درمیان کشمیر کے معاملے پر بات چیت ، حریت رہنما سید علی گیلانی نے پیغام جاری کر دیا

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان اس وقت دورہ امریکہ پر ہیں جہاں گزشتہ شب ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملا قات ہوئی جس کے چرچے امریکہ و پاکستان سمیت پوری دنیا میں جاری ہیں اور ہر طرف دھوم مچی ہوئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اور ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر بھی گفتگو ہوئی اور امریکی صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش بھی کر دی ہے ۔ امریکی صدر سے ملاقات میں کشمیر کا معاملہ اٹھانے پر حریت رہنما سید علی گیلانی نے پاکستان کیلئے پیغام جاری کرتے ہوئے شکریہ ادا کیاہے ۔ سید علی گیلانی نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو کشمیر کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ، ہم کشمیر کا معاملہ اٹھانے کیلئے پاکستان کے شکرگزار ہیں ، کشمیر کا تنازع لمبے عرصہ سے التوا ءکا شکار ہے ، یہ اب تک ملک کی تین نسلیں کھا چکا ہے اور ابھی بھی اگلی نسل کیلئے خطرہ ہے ۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ افغانستان میں افواج کی تعداد کم کررہے ہیں، اگر مدد کرسکاتو مسئلہ کشمیر پر ثالث کا کردار ادا کرنا پسند کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بہت مضبوط ہیں ، امریکہ اچھے تعلقات چاہتاہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے انتہائی مقبول وزیر اعظم ہیں ، پاکستا ن اور بھارت کے کشیدہ تعلقات کا علم ہے ، پاک بھارت تعلقات میں بہتری پر بات ہوگی ، بھارتی وزیراعظم نے بھی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مجھے کہا ہے ، امریکہ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے کردار ادا کر سکتا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی وزیراعظم مودی سے بات کروں گا۔ آج وزیر اعظم عمران خان سے بہت اہم اور خوشگوار ملاقات ہوئی۔

مزید : اہم خبریں /قومی