شکیل آفریدی کے باعث این جی اوز کو نشانہ بنایاگیا، وزیراعظم
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ شکیل آفریدی کے باعث این جی اوز کو نشانہ بنایاگیا اور پولیو ورکرز کا بڑا مسئلہ پیش آیا ، اقلیتوں کے حوالے جو کچھ ہم نے کیا ، اس سے پہلے کسی حکومت نے نہیں کیا ۔
امریکی تھنک ٹینک یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں اقلیتیں، ٹوئٹر، این جی اوز پر پابندی کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے جو کیا ہے وہ پہلے کسی حکومت نے نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ آسیہ بی بی کے خلاف کوئی جج فیصلہ نہیں سنانا چاہتا تھا، ایک گروپ کی وجہ سے خوف کا ماحول تھالیکن جب سپریم کورٹ نے اس کی رہائی کا فیصلہ سنایا تو اسی گروپ نے پاکستان کو 2 دن تک یرغمال بنائے رکھا، پھر ہم نے ان کے خلاف ایکشن لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں اقلیتوں کے حوالے سے ابھی بھی مسائل ہیں لیکن ہماری حکومت اقلیتوں کے ساتھ یکساں سلوک کرے گی۔
شکیل آفریدی کے حوالے سے سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ شکیل آفریدی این جی او کیلئے کام کر رہا تھا،اس کے بعد این جی اوز کو نشانہ بنایا گیا ، سب سے بڑا مسئلہ پولیو ورکرز پر حملوں کا پیش آیا۔ان کا کہنا تھا کہ شکیل آفریدی کی وجہ سے دوسری این جی اوز کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا،این جی اوز نے ہی کہا ہے کہ این جی اوز کو جاسوسی کی اجازت نہیں ہونی چاہیے،تین جرمن این جی اوز چھوڑ کر جاچکی تھیں لیکن اب وہ واپس آچکی ہیں۔