قربانی پراجیکٹ الخدمت کی سماجی خدمات کا اہم حصہ ہے،شاہد اقبال

قربانی پراجیکٹ الخدمت کی سماجی خدمات کا اہم حصہ ہے،شاہد اقبال

  

لاہور(پ ر) الخدمت فاؤنڈیشن اِس عید الاضحی پر مصیبت زدہ اور دور دراز پسماندہ علاقوں سمیت شہری علاقوں میں بیواؤں، یتامیٰ اور مساکین کے ساتھ ساتھ روہنگیا اور شامی مہاجرین تک بھی قربانی فی سبیل اللہ کا گوشت پہنچانے کا اہتمام کرے گی۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہد اقبال نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قربانی پراجیکٹ الخدمت فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے۔جس میں الخدمت ملک بھر میں پھیلے رضاکاروں کے منظم نیٹ ورک کی بدولت دور دراز علاقوں میں قربانی کا گوشت پہنچانے کا بندوبست کرتی ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن کی مرکزی، ریجنل اور ضلعی سطح پر قربانی پراجیکٹ کی مانیٹرنگ کے لئے ڈیسک قائم کیا جاتا ہے جس میں قربانی کے جانوروں کی خریداری سے لے کر ان کی دیکھ بھال اور قربانی کرنے سے لے کر گوشت کی تقسیم اور رپورٹنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

شاہد اقبال نے بتایا کہ چرم قربانی کا حصول بھی الخدمت کی ترجیحات میں شامل ہوتا ہے۔ اِ س چرم قربانی سے حاصل ہونے رقم سال بھر جاری رہنے والے الخدمت کے رفاہی کاموں مثلاََہسپتال، کلینک، سکول، بیواؤں میں راشن کی تقسیم، پسماندہ علاقوں میں طلبہ میں سٹیشنری اور سکول بیگ کی تقسیم، دور دراز علاقوں میں پینے کے صاف پانی کے کنویں کھدوانے وغیرہ پر خرچ کی جاتی ہے۔الخدمت گزشتہ چند سالوں سے روایتی طریقہ کارکے علاوہ جدید سلاٹر ہاؤسزمیں بھی قربانی کا اہتمام کررہی ہے۔ سلاٹر ہاؤسز میں قربانی آسان بھی ہے او ر محفوظ بھی۔ان سلاٹر ہاؤسز میں گلوز اور ماسکس کے استعمال سمیت حفظانِ صحت کے تمام تر اصو اصولوں کو مدِ نظررکھتے ہوئے قربانی کا فریضہ تمام شرعی اصولوں کے عین مطابق ادا کیا جاتا ہے۔گوشت کی تازگی کو برقرار رکھنے اور خراب ہونے سے بچانے کے لئے چلر ٹرکوں کے ذریعے ہی ملک بھر میں دور دراز علاقوں تک پہنچا دیا جاتا ہے۔ کورونا وبامیں جانور خریدنا،سنبھالنا،ذبح کرنا اور پھر مستحقین میں گوشت کی تقسیم مشکل بھی ہے اور پُر خطر بھی۔لہذا اس سال کورونا وبا کی وجہ سے سلاٹر ہاؤسز کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ سال الخدمت قربانی فی سبیل اللہ پراجیکٹ کے تحت چھوٹے بڑے 2823 جانورقربان کئے گئے،جس سے مجموعی طور پر 97ہزار مستحق خاندان مستفید ہوئے۔اس عید الاضحی پربھی اپنے مصیبت زدہ اور ضرورت مند ہم وطنوں کو خوشیوں میں اپنے ساتھ شریک رکھیں اوراپنی قربانی اور چرم قربانی الخدمت فاؤنڈیشن کو عطیہ کیجئے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -