کرپٹ مافیا کی لوٹ مار کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوچکی:عثمان بزدار

کرپٹ مافیا کی لوٹ مار کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوچکی:عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے۔2برس میں کرپشن کا ایک بھی داغ حکومت کے دامن پر نہیں۔پاکستان کی تاریخ میں ایسی شفاف حکومت آج تک نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ مافیا کی لوٹ مار کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہو چکی ہے۔سیاست کو کاروبار بنانے والوں کے دوغلے چہرے عوام کے سامنے آشکار ہو چکے ہیں۔اپوزیشن جماعتوں نے اپنے دور میں کرپشن کے ریکارڈ بنانے۔اپوزیشن ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے۔انہوں نے کہا کہملک کی ترقی و خوشحالی کیخلاف ا تحاد بنانے والوں کامقدر کل بھی شکست تھا، آئندہ بھی انہیں ہار کا سامنا کرنا پڑیگا۔کرپشن کے بوجھ تلے دبی اپوزیشن کو عوام نے پہلے بھی مسترد کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔ آج بھی اپوزیشن کی اپنی صفوں کے اندر بھرپور انتشار اور افراتفری ہے۔ دوسال میں فلاح عامہ کے وہ کام کئے ہیں جو شو مارنے والے 20 برس نہ کرسکے۔ لوٹ مار کے راستے بند کردیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی منفی سیاست تیزی سے ختم ہورہی ہے۔ ہماری حکومت نے وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑا ہے۔ اپوزیشن کے پاس باتیں کرنے کے سوا کوئی ایجنڈانہیں۔انہوں نے کہا کہ اب کرپشن اورلوٹ مار کادور واپس نہیں آئے گا۔ مشکل وقت میں عوام کو تنہا چھوڑنے والوں کیلئے پاکستان کی سیاست میں کوئی گنجائش نہیں۔ سردار عثمان بزدار نے راولپنڈی کے علاقے صادق آباد میں ماں پر بیٹے کے تشدد کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ ماں جیسی ہستی پر تشدد کرنیوالے کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے اورتشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کو انصاف فراہم کیا جائے - دریں اثناء پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -