عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کو چین نے خرید لیا،امریکہ کا الزام
واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے برطانوی پارلیمینٹ کے ارکان سے ملاقاتوں میں یہ الزام لگایا ہے کہ متعدد بین الاقوامی ذرائع سے پتہ چل رہا ہے چین نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کو خرید لیا ہے۔ اعلیٰ ترین امریکی سفارتکار اسوقت برطانیہ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے دوسری سرگرمیوں کے علاوہ بہت سے برطانوی ارکان پارلیمینٹ سے ملاقاتیں کی ہیں جس کی تفصیلات یہاں واشنگٹن میں وزارت کے حکام نے میڈیا کو فراہم کی ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ انٹیلی جنس حکام کی اطلاع یہ ہے کہ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر ٹیڈروس گیبریسس کو اس کی ملازمت کا تحفظ فراہم کرنے کے وعدے پر چین کی مرضی کے مطابق چلنے کا سمجھوتہ طے کرنے پر مجبور کیا گیا۔ مسٹر پومپیو نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے موقع پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا چین سے تعاون کرنے کی حامی بھرنا ہمارے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا کہ یہ اطلاع اس معلومات پر مبنی ہے جو امریکی انٹیلی جنس حکام نے ان تک پہنچائی۔ یاد رہے صدر ٹرمپ اور وزیرخارجہ پومپیو وباء کے آغاز سے ہی چین پر اس کے پھیلاؤ کی اصل حقیقت چھپانے اور عالمی ادارہ صحت کواس سلسلے میں مدد فراہم کرنے کا الزام لگاتے چلے آرہے ہیں۔
امریکہ الزام