تجربہ کار محمد عامر کی ٹیم میں واپسی خوش آئند ہے، وقار یونس
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ تجربہ کار محمد عامر کی ٹیم میں واپسی خوش آئند ہے، انکی موجودگی سے باؤلرز کو فائدہ ہوگا، کرکٹ کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، انگلینڈ کیخلاف سیریز مشکل ضرور ہے لیکن ہماری ٹیم بھی تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے ڈربی شائر سے آن لائن میڈیا کانفرنس میں کہا کہ قومی ٹیم نے انگلینڈ میں اب تین ہفتے گزار لیے ہیں، کیمپ جیسا ماحول ہے، ایک دوسرے کے ساتھ کام کر رہے ہیں،میں اس کیمپ سے بے حد خوش ہوں، ہر قسم کی سہولیات مل رہی ہیں سو فیصد مطمئن ہوں، امید ہے سیریز سے قبل اس پوزیشن میں ہوں گے کہ انگلینڈ کو چیلنج کر سکیں اتنے عرصے میں موسم اور کنڈیشنز کا ادراک ہو گیا ہے۔ وقار یونس نے کہا کہ سکواڈ میں فاسٹ اور سپن باؤلرز موجود ہیں،محمد عامر ہماری وائٹ بال کرکٹ کا مستقل حصہ ہیں، محمد عامر سینئر باؤلر ہیں، انگلینڈ کی کنڈیشنز کو سمجھتے ہیں، محمد عامر اگر دستیاب ہیں تو انہیں بھی موقع دینا چاہیے تھا،محمد عامر کے تجربے سے ٹیم کو فائدہ ہو سکتا ہے۔
باؤلنگ کوچ نے کہا کہ بال پر تھوک نہ لگانے کی وجہ سے بہت سارے شبہات تھے،انگلینڈ ویسٹ انڈیز کے میچز سے اندازہ ہوا ہے کہ پسینے سے بھی بال بہتر رکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا انگلینڈ میں ٹریک ریکارڈ بہترین ہے،امید ہے انگلینڈ میں موجودہ ٹیم بھی مایوس نہیں کرے گی،انگلینڈ میں وکٹس پہلے جیسی نہیں، ٹیم سلیکشن کا فیصلہ میچ سے پہلے کریں گے۔ وقار یونس نے مزید کہا کہ جو اچھی باؤلنگ کرے گا وہی ٹیم کا حصہ ہوگا،ٹیم کے اندر اگر مقابلہ ہو تو ٹیم کا ہی فائدہ ہوتا ہے،پاکستان کرکٹ میں اچھے فاسٹ باؤلرز کسی نعمت سے کم نہیں، شاہین اور نسیم کا وسیم اور وقار کے ساتھ موازنہ کرنا قبل از وقت ہے امید کرتا ہوں کہ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی پاکستان کیلئے اچھا کھیلیں،گھر میں کھیلنے کا ہمیشہ ہی فائدہ ہوتا ہے،پوری کوشش کریں گے انگلینڈ کو ان کے گھر میں شکست دیں۔باؤلنگ کوچ نے کہا کہ میری اب وہ عمر نہیں کہ میں جنید خان کیساتھ جھگڑا رکھوں، میری ایسی عادت نہیں کھلاڑی کیساتھ ذاتی ایشو رکھوں،مصباح چیف سلیکٹر بھی ہے، سبھی کو نظر میں رکھا ہے جبکہ حفیظ اور شعیب کو خود فیصلہ کرنا ہے کہ کھیلنا ہے یا ریٹائر ہونا ہے۔