صدر عارف علوی کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ،پنجگور شہدا کے ورثاء کو فون

  صدر عارف علوی کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ،پنجگور شہدا کے ...

  

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) صدرمملکت عارف علوی نے بدھ کے روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔نیشنل کوآرڈی نیٹراین سی اوسی لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان نے صدرمملکت کا استقبال کیا۔ صدرمملکت کو وزیرمنصوبہ بندی اور سنٹر کے چیئرمین اسدعمر نے بریفنگ دی اور بتایا کہ این سی او سی کی کوششوں سے ملک میں کورونا کیسز میں نمایا کمی آئی ہے۔ صدرکوقومی صحت کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔صدرعارف علوی نے این سی اوسی کی کارکردگی کو سراہا۔ صدر نے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پرلڑنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔صدر مملکت عارف علوی نے عیدالاضحی کے موقع پر صوبوں کو ایس اوپیز پرعملداری کی ہدایت کی۔قبل ازیں صدر عارف علوی نے پنجگور میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے اہل خانہ سے ٹیلیفونک گفتگو کر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے عظیم قربانی پیش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے نائب صوبیدار محمد غفار، حوالدار ناصر محمود کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔صدر نے سپاہی عمر فاروق، سپاہی اویس منیر، سپاہی محمد ضیاء کے ورثاء سے بھی بات چیت کی۔صدر مملکت نے سپاہی عدیل اکبر، سپاہی محمد سبحان اختر، سپاہی شفقت خلیل کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ ملک و قوم کے تحفظ کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں،شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ قوم کیلئے شہداء کی قربانیاں نا قابل فراموش ہیں۔

صدر مملکت

مزید :

صفحہ آخر -