عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی  کیلئے پارلیمان سرگرم،اسد قیصر 

عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی  کیلئے پارلیمان سرگرم،اسد قیصر 

  

اسلام آباد(آئی این پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی بنیادی پالیسی ہے۔ بنیادی سہولیات خصوصا بجلی کی بلاتعطل فرا ہمی کو یقینی بنانے کیلئے پارلیمان سرگرم عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صوبہ خیبر پختونخوا میں بجلی کی فراہمی سے متعلق امور پر منعقد ہ اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کیا۔سپیکر نے پیسکو کو بجلی کی لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ، ٹرانسفارمرز کی تنصیب اور بجلی کی ٹرپنگ کے معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت کی، کسانوں کو درپیش اوور بلنگ کے معاملات کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اورٹرانسفارمرز کی مرمت میں تاخیر پر تشویس کا اظہار جرنے سمیت مسئلے کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا بجلی کی بندش کی وجہ سے گرمیوں کے موسم میں عوام کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پیسکو اہلکارعوام کیساتھ دوستانہ رویہ اپنائیں، بجلی سے متعلق امور کو جلد حل کریں۔ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے عوامی مسائل کو حل کرنے میں گہری دلچسپی لینے پرسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی تعریف کی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیسکو حکام کی نااہلیوں پر گہری تشویس کا اظہار کیا۔اس موقع پروفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی سے متعلق تمام معاملا ت ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ حکومت کے پی کے اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی بجلی کی فراہمی کو جاری رکھنے کی اپنی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے اور اس سلسلے میں ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ممبران سے بجلی کی چوری کے سلسلے میں تعاون کیلئے بھی کہا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر پرویز خٹک، خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ممبر قومی اسمبلی اور وزارت توانائی اور پیسکو کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اسد قیصر

مزید :

صفحہ آخر -