یو ایس ایڈ کے تحت سندھ میں قائم 71نئے سکول نجی شعبے کے سپرد،سکول امریکہ کا تحفہ:مراد علی شاہ

یو ایس ایڈ کے تحت سندھ میں قائم 71نئے سکول نجی شعبے کے سپرد،سکول امریکہ کا ...

  

کراچی(این این آئی)سندھ حکومت نے یو ایس ایڈ کے تحت قائم 71نئے اسکول نجی شعبے کے سپرد کردیئے ہیں۔بدھ کو وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی موجودگی میں یوایس ایڈکے نئے قائم 71 اسکولوں کو نجی شعبے کو دینے کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ یہ معاہدہ حکومت سندھ، سی ایف سی اور ہینڈزکے درمیان 10برس کے لیے طے پایا ہے۔ ان اسکولوں کو ہینڈز 10سالوں تک محکمہ تعلیم کی نگرانی میں چلائے گا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہاکہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ میں سندھ سب سے بہتر کام کررہی ہے، یہ اسکول سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت قائم کیے گئے ہیں۔ امریکی حکومت نے یہ اسکول تعلیم کی بہتری کیلئے تحفہ دیئے تھے، انھیں قائم کرنے کے لیے امریکا نے 159.2ملین ڈالرز جبکہ سندھ حکومت نے 10ملین ڈالرز خرچ کیے۔ انہو ں نے کہا کہ بہتر تعلیم، جدید ٹیچنگ اوربچیوں کو اسکول واپس لانے کا پروگرام ہے۔وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے بتایا کہ اس وقت صوبے بھر میں 70اسکولز تعمیر ہو چکے ہیں، جن میں 43 سندھ حکومت نجی شعبے کے تعاون سے چلا رہی ہے، ان میں سے 25نئے اسکول صوبے کے 5اضلاع دادو، قمبر، شہداد کوٹ، کراچی اور لاڑکانہ میں ہیں۔ترجمان وزیر اعلی سندھ کے مطابق وزیر اعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے اسکولوں کی حوالگی کے معاہدے پر دستخط کردیئے، معاہدہ حکومت سندھ اور دو این جی اوزکے درمیان 10سالوں کے لیے طے پایا ہے۔یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی کونین نے کہا کہ حکومت سندھ تعلیم پر خاص توجہ دے رہی ہے اور نجی شعبے کے تعاون سے تعلیم کے شعبے میں اہم پیش رفت کی ہے۔

سکول سپرد

مزید :

صفحہ آخر -