جدہ میں پریس قونصلر ارشد منیر کی خدمات قابل تعریف ہیں، خالد مجید

  جدہ میں پریس قونصلر ارشد منیر کی خدمات قابل تعریف ہیں، خالد مجید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


جدہ (محمد اکرم اسد) پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے کہا ہے کہ قونصلیٹ کے پریس سیکشن نے سبکدوش پریس قونصلر ارشد منیر کی قیادت میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات بھرپور انداز میں ادا کیں جو قابل تعریف ہے، خصوصاً کورونا وائرس کی معلومات سے آگاہی دلانے کیلئے میڈیا کا بر وقت استعمال کیا جس سے کمیونٹی کو بروقت معلومات ملتی رہیں جو قابل تحسین ہے۔ وہ یہاں اسپنزر میں پاکستان جرنلسٹس فورم کی طرف سے پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ سے سبکدوش قونصلر (پریس) ارشد منیر کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ ارشد منیر نے قونصلیٹ اور صحافیوں کو قریب لانے میں بھی اہم کردار ادا کیا جس کیلئے انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی اور انکے اچھے مستقبل کے لئے دعا گو ہیں۔اس موقع پر ارشد منیر نے کہا کہ میں اور میری اہلیہ اپنے قیام کی اچھی یادوں کو اپنے ساتھ لیکر جا رہے ہیں۔ میں سعودی عرب کے امن اور اس کے عوام کی خوشحالی کی دعا کرتا ہوں۔ پاکستان جرنلسٹس فورم کے چیئرمین امیر محمد خان اور دیگر ممبران میں صدر شاہد نعیم، جی ایس جمیل راٹھور، سید مسرت خلیل، اکرم اسد، معروف حسین، مصطفیٰ خان، ارسلان ہاشمی، محمد عدیل، محمد امانت اللہ اور یحییٰ اشفاق نے بھی ارشد منیر کے حسن تعاون کا تذکرہ کیا۔آخر میں پی جے ایف کے اراکین نے قونصل جنرل خالد مجید کی معیت میں ارشد منیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
خالد مجید

مزید :

صفحہ آخر -