اجتماعی قربانی کے لئے ایس او پیز کو حتمی شکل دیدی، ناصر حسین شاہ

اجتماعی قربانی کے لئے ایس او پیز کو حتمی شکل دیدی، ناصر حسین شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (آن لائن)وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر اجتماعی قربانی کے حوالے سے ایس او پیز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تمام صوبے میں یونین کونسل کی سطح پر مخصوص مقامات پر فریضہ قربانی ادا کیا جائے گا، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ قربانی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ناصر حسین شاہ نے عید الاضحی کے حوالے سے اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اب کی بار عید قرباں پر اجتماعی قربانیوں کے فروغ کے لئے پالیسی وضع کی گئی ہے جس کا اطلاق تمام صوبوں پر ہوگا سندھ میں بھی ہم نے وفاقی حکومت کی جانب سے دی جانے والی گائیڈ لائن کے تحت مخصوص مقامات پر اجتماعی قربانیوں کے انعقاد کے لئے اقدامات کئے ہیں تمام ڈپٹی کمشنرز، ایم سیز اور بلدیاتی نمائندے باہمی حکمت عملی کے تحت انفرادی قربانی کے رجحان کو روکنے کے لئے اقدامات بروئے کار لائیں گے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے علاقوں میں واقع مساجد، امام بارگاہوں اور مدارس کے زیر اہتمام اجتماعی قربانی کے انعقاد کو ترجیح دیں ناصر حسین شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ ملک کی نازک صورت حال کے پیش نظر عوامی اجتماعات اور رش سے اجتناب کریں اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز عید اور دیگر فرائض سر انجام دیں۔
ناصرحسین شاہ

مزید :

صفحہ آخر -