5اگست یوم مذمت کے طور پر منایا جائے،کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر اجاگر نہیں کر سکے:سراج الحق

5اگست یوم مذمت کے طور پر منایا جائے،کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر ...

  

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاست سے بالاتر ہوکر 5اگست یوم مذمت کے طور پر منایا جائے۔ مودی سرکار نے 5اگست کو غیر آئینی اقدام اٹھایا۔ گزشتہ سال 5اگست کو مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کردی گئی۔ میری تجویز ہے کہ 5اگست کو یوم مذمت کے طور پر منایا جائے۔ بھارت کی آزاد کشمیر، گلگت بلتستان پر نظریں ہیں۔ ہمیں زبانی کلامی باتیں کرنے کی بجائے آگے بڑھنا پڑے گا۔ اب ہمیں تقریروں سے آگے بڑھ کر عملی قدم اٹھانا ہو گااور وہ راستہ اختیار کرنا چاہیے جو کشمیر کی آزادی کو یقینی بنائے۔ مقبوضہ کشمیر کی ساری قیادت جیلوں میں ہے۔ ایک سال میں 18ہزار نوجوان جیلوں میں بند کردیئے گئے ہیں۔ہم کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر اجاگر نہیں کر سکے۔ حکومت نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق کیا اقدامات کیے ہیں قوم کو اس کا جواب چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان بالا میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔حکومت اور مسلم لیگ ن کے راجا ظفر الحق نے سینیٹر سراج الحق کی اس تجویز کو سراہا اور حمایت کی۔اسکے علاوہ ملک میں گندم کی ریکارڈ پیداوار کے باوجود آٹا اور گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور آئے روز مارکیٹ میں آٹے کی قلت اور عدم دستیابی کو زیر بحث لانے،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملکی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور بھار ی بھر کم ٹیکسز وصولی کو زیر بحث لانے،بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو کو خصوصی رعایت دینے کے لیے ایوان صدر کی طرف سے آرڈینس کے اجراء اور اس حوالہ سے حکومتی موقف کو ایوان میں زیر بحث لانے،چینی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف توجہ مبذول کرانے کا نوٹس سمیت نوٹسز سینیٹ میں جمع کرا دیے ہیں۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -