بھارتی ریاست آسام میں طوفانی بارشوں سے تباہی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی ریاست آسام میں بارشوں نے تباہی مچادی، کئی علاقے سیلاب کے باعث زیر آب آگئے، ہزاروں گاؤں پانی میں ڈوب گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب سے ریاست کے 33 میں سے 26 اضلاع کی 36 لاکھ آبادی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور ہزاروں افراد سیلاب کے باعث نقل مکانی کرچکے ہیں۔ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا ریاست کے 3300 سے زائد دیہات سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں اور تقریباً 44 ہزارافراد نے مختلف کیمپوں میں پناہ لے رکھی ہے۔اتھارٹی کے مطا بق بارشوں اور سیلاب کے باعث کئی لاکھ ہیکٹر پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ ریاست میں بہنے والے دریائے برہم پتر اور دیگر ندی نالوں میں پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر مختلف حادثات میں اب تک 87 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ کئی افراد لاپتہ ہیں۔دوسری جانب ایک سینگ والے گینڈوں کے حوالے سے مشہور قاضی رنکا نیشنل پارک کا 90 فیصد حصہ بھی پانی میں ڈوب گیا ہے،تاہم 147 جانوروں کو بچالیا گیا جبکہ 120 جانور ڈوب کر ہلاک کر ہوچکے ہیں۔
ریاست آسام