گومل یونیورسٹی 32ویں اکیڈ مک کونسل میں اگست میں امتحانات کی منظوری

گومل یونیورسٹی 32ویں اکیڈ مک کونسل میں اگست میں امتحانات کی منظوری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)گومل یونیورسٹی کی 32ویں اکیڈمک کونسل زیر صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد منعقد ہوئی۔میٹنگ میں رجسٹرار گومل یونیورسٹی سمیت تمام شعبہ جات کے ڈین اور ممبران نے شرکت کی۔کورارڈینیٹر گریجویٹ اینڈ ریسرچ نے اکیڈمک کونسل میٹنگ کا ایجنڈا پیش کیا۔ میٹنگ میں فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز میں نئے پروگرام فائن آرٹس اورانٹرنیشنل ریلیشن کی ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے مطلوبہ معیارکے مطابق شروع کرنے اور فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں نئے پروگرام ایگریکلچر انجنیئرنگ، کمپیوٹر انجنیئرنگ،الیکٹرانک انجنیئرنگ کی پاکستان انجنیئرنگ کونسل کے معیار کے مطابق تکنیکی ہدایات کی روشنی میں منظوری دی گئی۔ میٹنگ میں طلباء کے امتحانات کے بارے میں تفصیلی بات بھی ہوئی اور ایک لائحہ عمل بنایا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اور شفافیت کیساتھ امتحانات کرانے کی مؤثر حکمت عملی کی بھی منظوری دی گئی۔جس کے تحت اگست2020 میں گومل یونیورسٹی میں ایک ایک فیکلٹی کے بغیر کسی تعطل کے مرحلہ وار امتحانات کروائے جائیں گے اور ہاسٹلز میں بھی ایک کمرے میں ایک طالبعلم کو رہنے کی اجازت دی جائے گی۔ ہاسٹل میں کامن رومز اور ٹی وی ہال کو بند رکھا جائے گا۔ تمام طالبعلم کو کھانے کیلئے ایک بند پارسل مہیا کیا جائیگا۔ پہلے مرحلے میں چوتھے سال والے طلباء،دوسرے مرحلے میں تیسرے سال، تیسرے مرحلے میں دوسرے سال اور چوتھے مرحلے میں پہلے سال والے طلباء کے امتحان گومل یونیورسٹی کے مین کیمپس، سٹی کیمپس اور وینسم کالج کے تمام ہالز میں کروائیں جائیں گے جوہفتہ، اتوار کو بھی جاری رہیں گے اور امتحانات میں کامیاب ہونیوالے طلباء کو فوراڈگری دی جائے گی جوپہلے ایک سال عرصہ گزرنے کے بعد دی جاتی تھی۔ امتحان میں طلباء ماسک اور سینیٹائزر ساتھ لائیں گے اور ہر طالب علم کو چھ فٹ کے فاصلے پر بٹھایا جائے گا اور ہر طالبعلم سے حلف نامہ بھی لیا جائے گا۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ نئے تعلیمی پروگرام کے اجراء سے گومل یونیورسٹی ترقی کی منازل طے کریگی۔گومل یونیورسٹی کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ہم طلباء کاقیمتی مستقبل داؤ پر نہیں لگا سکتے مگر کورونا وائرس کو بھی دیکھنا ہے اور تمام طلباء کو اس وائرس سے بچانا بھی ضروری ہے۔ گزشتہ میٹنگ میں جو نئے پروگرام شروع کئے گئے ہیں ان کے نصاب کی منظوری کیلئے ڈیپارٹمنٹل بورڈ آف سٹڈیز اور بورڈ آف فیکلٹی کی میٹنگ کروا کر جلد از جلد اکیڈمک کونسل سے نصاب کی منظوری کروائیں تاکہ ان پروگراموں کو جلد شروع کیا جائے۔میٹنگ میں کورونا وائرس کے باعث ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے ممبران کو سماجی فاصلے کے ساتھ بٹھایا گیا۔