تاریخی جامعہ مسجد سپین جماعت کواز سرنوشایان شان طریقے سے جلد تعمیر کیا جائے گا: محمد ظہور شاکر
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے حج، اوقاف اور مذہبی امور محمد ظہور شاکر نے بدھ کے روز تاریخی جامعہ مسجدسپین جماعت کا دورہ کیا اور اس کے از سر نو تعمیری منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ایڈ منسٹریٹر اوقاف محمد یاسر، انجنئیر ندیم اورمسجد کمیٹی کے چئیر مین ضیاء اللہ بھی ان کے ہمرہ تھے۔اس موقع پر مسجد کی تعمیر نو سے متعلق ایڈمنسٹریٹر اوقاف محمد یاسر نے بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی کو بتایا کہ اس تاریخی اہمیت کی حامل مسجد کو عصر حاضر کے تقاضوں کی سہولیات و ضروریات کومد نظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا جائے گا۔مسجد پانچ کنال اراضی پر تعمیر ہوگی جس کا پی سی ون تیا ر ہے اور اس منصوبے پر تقریبا17کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ یہ مسجدپشاور کی مصروف ترین شاہراہ پر واقع ہے جہاں پر مسافر بھی بڑی تعداد میں نماز ادا کرتے ہیں جس کے پیش نظر مسجد میں خواتین کی نماز کی ادائیگی، پارکنگ، شاپس اور گرم وسر د موسم کے مطابق دیگرسہولتیں دینے، گرین بلٹ بنانے، طلبہ کی تعلیم و تربیت اور ان کی رہائش کے لئے انتظامات منصوبے کا حصہ بنائے ہیں۔ معاون خصوصی نے سپین جماعت کی از سر نو تعمیرکے جدیدعمارتی ماڈل کو سرہاتے ہوئے کہا کہ مساجد و مدارس ہمارے روحانی و اخلاقی تعلیم و تربیت کے مراکز ہیں اور صوبائی حکومت ان کی تعمیر و ترقی کے سا تھ ان میں جدید سہوتیں فراہم کرنے کے لئے پوری طرح کوشاں ہے۔انہوں نے مسجد کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کی بلا تاخیرتکمیل کو یقینی بنائیں اور جہاں کہیں مسائل درپیش ہوں تو ان کے بروقت نوٹس میں لایاجائے۔ تاکہ یہ عظیم منصوبہ کسی تاخیر کا شکار نہ ہو