نیب سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ بننے کیساتھ مکمل ناکام ہو چکا،نفیسہ شاہ
اسلام آباد(آئی این پی)پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ نیب متنازعہ، سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ بننے کے ساتھ ساتھ بلا تفریق احتساب میں مکمل ناکام ہو چکا ہے،سپریم کورٹ فیصلے کے بعد چیئرمین نیب اپنے عہدے پر فائز رہنے کا جواز کھو چکے ہیں،آدھی کابینہ آٹا، چینی، ادویات، ماسک، بجلی، بی آر ٹی، دہری شہریت کے سکینڈلز میں ملوث ہے،دیگر صوبوں پر کرپشن کا الزامات لگانے والے خود آڈیٹر جنرل کی رپورٹ اٹھا کر دیکھ لیں جو انکی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔ اپنے ایک بیان میں پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ بھٹو زرداری کے مطالبات اور اٹھائے گئے نقاط انتہائی اہم ہیں،حکومت میں جرئت ہے تو سامنے آکر چیئرمین پیپلزپارٹی کے اٹھائے گئے سوالات کے جواب دیں،واضح ہوگیا کی نیب کے ذریعے انتخابات میں سیاستدانوں کی وفاداریاں تبدیل کرائی گئیں۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ بی آر ٹی کرپشن، مالم جبہ کرپشن، بلین ٹری کرپشن، آڈٹ رپورٹ میں 270 بلین روپے کا گھپلہ ہوا مگر نیب خاموش رہا،نیب کو تالا لگا کر سیاستدانوں کیخلاف نیب کو استعمال کرنیوالوں کیخلاف مقدمات درج کئے جائیں۔
نفیسہ شاہ