کراچی زولوجیکل گارڈن کو فیملی زو کا درجہ دینے کا اعلان

کراچی زولوجیکل گارڈن کو فیملی زو کا درجہ دینے کا اعلان

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی زولوجیکل گارڈن کوعنقریب فیملی زو کا درجہ دینے کا اعلان کردیا جس کے لیے قرارداد پہلے ہی بلدیہ عظمیٰ کراچی منظور کرچکی ہے۔بدھ کی سہ پہر کراچی چڑیا گھر میں منعقدہ تقریب میں چڑیا گھر کے 150سال مکمل ہونے پرمیئر کراچی نے کیک کاٹااور عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے متعدد ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا جن میں سبزہ زار کی تزئین و آرائش‘ چڑیا گھر میں سفید شیرکے پنجرے کی تعمیر، دفتر زو ڈائریکٹریٹ کی تزئین اور پبلک اناؤنسمنٹ سسٹم کاافتتاح شامل ہے۔اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کووِڈ 19کے باعث زو میں آمد و رفت کی بندش کے دوران متعدد سہولیات کی تزئین و آرائش کا موقع ملاجس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کراچی زو میں آنے والوں کے لیے تمام ضروری سہولیات مہیا کر دی گئی ہیں، آنے والے دنوں میں چڑیا گھر مزید بہتر اور دلکش جگہ کی شکل اختیار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی زو شہر کا قدیم ترین مقام اور پاکستان کا سب سے بڑا چڑیا گھر ہے جس کے 33ایکڑ رقبے میں سے 40فیصد حصہ جانوروں اور پرندوں کے لیے مخصوص ہے جن کی تعداد 900سے زائدہے جبکہ 60فیصد حصہ سرسبز باغات، تالابوں، مغل گارڈن، کینٹین، تفریحی پارک اور دیگر سہولیات کے لیے وقف ہے، سالانہ تقریباً 3لاکھ افراد کراچی چڑیا گھر میں اپنی فیملی کے ہمراہ تفریح کے لیے آتے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے یہاں تفریحی سہولیات کو بہتر بنانے اور مزید نایاب اور قیمتی جانوروں کو لانے کا انتظام کیا ہے اور اس کے ساتھ ہی چڑیا گھر کے تالاب کو بھی ٹھیک کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو سرسبز و خوبصورت ماحول میں کشتی رانی کی سہولت فراہم کی جاسکے

مزید :

صفحہ اول -