خرم شیر زمان سے میرج ہال ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان سے پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس میں کراچی میرج ہال اونرز ایسوسی ایشن کے وفد نے رانا رئیس کی قیادت میں ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر خرم شیر زمان کا کہناتھا کہ وفاقی حکومت کے بہترین اقدامات سے ہم ملک بھر میں کورونا کی وباء پر کسی حدتک قابو پانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ حکومت سند ھ کو چاہئے کہ کراچی میں شادی ہالز کھولنے کے معاملے پر توجہ دے۔ دیگر ممالک کی طرح یہاں بھی تمام کاروبار ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دی جائے۔ شادی ہالز بند ہونے سے لاکھوں مزدوروں کے گھروں کے چولہے بجھ گئے ہیں۔ شادی ہالز میں کام کرنے والے مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ شہر کراچی کا کاروبار ی طبقہ حکومت سندھ کی ناقص پالیسیوں کی بدولت شدید مشکلات میں مبتلا ہے۔ ہم حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر کراچی میں ایس او پیز کے ساتھ شادی ہالز کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ اس سے وابستہ لاکھوں لوگوں کا روزگارپھر سے بحال ہو سکے۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عمران صدیقی، توقیر احمد اور دیگربھی موجود تھے۔