پاکستانی سکواڈ کی ڈربی میں ٹریننگ جاری، بلے بازوں نے کس چیز کی خصوصی مشقیں کیں؟ انگلش فاسٹ باﺅلرز جان کر ہی پریشان ہو جائیں

پاکستانی سکواڈ کی ڈربی میں ٹریننگ جاری، بلے بازوں نے کس چیز کی خصوصی مشقیں ...
پاکستانی سکواڈ کی ڈربی میں ٹریننگ جاری، بلے بازوں نے کس چیز کی خصوصی مشقیں کیں؟ انگلش فاسٹ باﺅلرز جان کر ہی پریشان ہو جائیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی سکواڈ کو ڈربی میں ٹریننگ کے دوران باﺅنسی گیندوں پر خصوصی مشقیں کرائی گئیں، پیسرز حوصلہ آزماتے رہے اور بیٹسمین سٹروکس سے جواب دینے کیلئے کوشاں رہے، عابد علی بھی ایکشن میں نظر آئے، دوسرا 4روزہ پریکٹس میچ جمعے کو شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ڈربی میں موجود پاکستانی کرکٹرز نے پہلا 4روزہ پریکٹس میچ کھیلنے کے بعد ایک آرام کیا، چند کھلاڑیوں نے اپنے طور پر ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھا، گزشتہ روز دوبارہ ٹریننگ کا آغاز کرتے ہوئے صبح اور سہ پہر کو الگ الگ سیشنز کئے گئے، اس دوران بیٹسمینوں کو باﺅنسی گیندوں پر خصوصی مشقیں کرائی گئیں، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بیٹنگ کوچ یونس خان نے خود بھی سٹک سے بال تھرو کرتے ہوئے پریکٹس کرائی، دوسری جانب وکٹ پر ہلکی گھاس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے باﺅلرز بھرپور رفتار کے ساتھ باﺅنسرز کے ذریعے بھی بیٹسمینوں کا حوصلہ آزماتے رہے۔

پریکٹس میچ کے دوران ہیلمٹ پر گیند لگنے کے بعد آرام کرنے والے عابد علی کی بھی میدان میں واپسی ہوگئی جنہوں نے فاسٹ باﺅلرز کی گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اچھے سٹروکس کھیلے،شان مسعود اور بابر اعظم بھی پراعتماد نظر آئے، اظہر علی اور اسد شفیق نے فاسٹ کے بعد سلو باﺅلرز کو کھیلتے ہوئے اپنی فارم بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھی،محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ سمیت فاسٹ باﺅلرز نے بھی اچھے ٹریکس پر باﺅلنگ کا خوب لطف اٹھایا۔

دوسری جانب سپنر یاسر شاہ، شاداب خان، کاشف بھٹی اور عماد وسیم نے الگ نیٹ میں سپن کا جادو جگایا اور مشتاق احمد انہیں کامیابی کے گر سکھاتے رہے، دونوں سیشنز میں کھلاڑیوں نے وارم اپ کے بعد فٹنس ڈرلز کا سلسلہ بھی جاری رکھا، چھوٹے بیٹ سے اچانک اچھالی گیندوں پر سلپ کیچز کی مشقیں بھی کی گئیں، جمعرات کو بھی صبح اور سہ پہر کے 2 سیشنز ہوں گے، دوسرا 4روزہ پریکٹس میچ جمعے کو شروع ہوگا۔

مزید :

کھیل -