کورونا وائرس گنجے مردوں کے لیے زیادہ خطرناک؟ انتہائی حیران کن انکشاف سامنے آگیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس پر دنیا بھر میں انتہائی سرعت سے تحقیقات ہو رہی ہیں اور آئے روز نئی معلومات سامنے آ رہی ہیں۔ اب نئی تحقیق میں سائنسدانوں نے گنجے پن کے شکار مردوں کے لیے انتہائی تشویشناک خبر سنا دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے بعد سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ جو مرد جتنا زیادہ گنجے پن کا شکار ہے، اس کو کورونا وائرس لاحق ہونے اور اس میں وباءکی علامات سنگین ہونے کا خطرہ بھی اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ ”گنجے مردوں کو وائرس لاحق بھی زیادہ ہوتا ہے اور ان میں علامات بھی زیادہ سنگین ہوتی ہیں۔ برطانیہ میں بالوں کے حوالے سے مردوں میں کورونا وائرس کی شرح 20اور 15فیصد رہی۔ گنجے پن کے شکار مرد 20فیصد کورونا وائرس کا شکار ہوئے جبکہ جن کے بال تھے وہ 15فیصد اس وباءکا نشانہ بنے۔ دوسری طرف ان میں علامات سنگین ہونے کی شرح بھی زیادہ رہی۔ “ سائنسدانوں نے بتایا کہ ”جو مرد مکمل طور پر گنجا ہو اس کے کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر ہسپتال تک پہنچنے کا امکان 40فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ “ سائنسدانوں نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ’گنجے پن کے شکار مردوں میں اینڈروجن نامی ایک ہارمون پایا جاتا ہے، یہی ہارمون دراصل ان کے گنجے پن کی وجہ ہوتا ہے۔ یہ ہارمون کورونا وائرس کو خلیوں پر حملہ آور ہونے میں بھی مدد دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے مردوں کو وائرس زیادہ لاحق ہوتا ہے اور ان میں علامات زیادہ سنگین ہوتی ہیں۔‘